2014 پاکستانی صحافیوں کے لئے بدترین سال ثابت ہوا انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹ

سال 2014 کے دوران پاکستان میں 14 اور شام میں 12 صحافیوں کو فرائض کی انجام دہی کے دوران قتل کردیا گیا،آئی ایف جے

2014 پاکستانی صحافیوں کے لئے مقتل رہا ،صدر انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلزم ۔ فوٹو؛فائل

2014 صحافیوں کے لئے انتہائی خطرناک ترین سال ثابت ہوا اور اس دوران 118 صحافی اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔



صحافیوں کی عالمی تنظیم (انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹ) کے مطابق سال 2014 میں سب سے زیادہ صحافی پاکستان اور شام میں قتل کئے گئے جب کہ دنیا بھر میں 118 صحافیوں کو فرائض کی انجام دہی کے دوران نشانہ بنایا گیا جب کہ گزشتہ سال یہ تعداد 105 تھی۔ فیڈریشن کے صدر کا کہنا تھا کہ 2014 پاکستانی صحافیوں کے لئے مقتل رہا جہاں ایک سال کے دوران 14 صحافیوں کی جان لے لی گئی جب کہ شام میں 12، افغانستان میں 9، عراق اور یوکرین میں 8،8 صحافیوں کو قتل کیا گیا، اسی طرح ہنڈوراز میں 6 اور میکسیکو میں5 صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا۔


انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلزم کے مطابق قتل کئے جانے والے صحافیوں میں امریکی فری لانسر صحافی جیمس فولی اور اسٹیون سوٹلوف بھی شامل ہیں جنہیں شام میں داعش کے جنگجوؤں نے ذبح کرنے کے بعد ان کی ویڈیو جاری کی جب کہ صحافیوں کی فہرست میں میڈیا انڈسٹری سے وابستہ عملے کے دیگر اراکین بھی شامل ہیں۔
Load Next Story