ورلڈ کپ گنوانے کے بعد انگلینڈ کوپیٹرسن کی یاد ستانے لگی

تنازع کل تک ختم ہو جائے گا (کوچ) دوبارہ معافی مانگنا پڑے گی، میڈیا رپورٹس


Sports Desk/AFP October 03, 2012
تنازع کل تک ختم ہو جائے گا (کوچ) دوبارہ معافی مانگنا پڑے گی، میڈیا رپورٹس فوٹو فائل

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ گنوانے کے بعد انگلینڈ کو کیون پیٹرسن کی یاد ستانے لگی۔

کوچ اینڈی فلاور نے اسٹار بیٹسمین کا تنازع جمعرات سے قبل ختم ہونے کی امید ظاہر کی ہے، انھوں نے کہاکہ اس معاملے میں پیشرفت ہورہی اور یہ اختتام کے قریب ہے، مجھے امید ہے کہ مثبت نتیجہ سامنے آئے گا، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور پیٹرسن کے درمیان بات چیت جاری اوراگلے 36 گھنٹوں میں اس حوالے سے کوئی پریس کانفرنس ہوسکتی ہے۔ یاد رہے کہ سابق ٹیسٹ کپتان اسٹروس اور فلاور کے خلاف جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو ٹیکسٹ میسجز بھیجنے کی وجہ سے پیٹرسن کو ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔

جب فلاور سے پوچھا گیا کہ کیا پیٹرسن کی کمی ورلڈ کپ میں محسوس کی گئی تو انھوں نے کہا کہ ہاں مگر جب اس ایونٹ کیلیے اسکواڈ منتخب کیا گیا تھا اس وقت وہ دستیاب نہیں تھے۔ دریں اثنا میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرسن کو اپنا انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر بچانے کیلیے عوامی سطح پر دوسری مرتبہ معافی مانگنا پڑے گی، یہ شرط رواں ہفتے ای سی بی کے مینجنگ ڈائریکٹر ہیو مورس اور جنوبی افریقی نژاد بیٹسمین کے درمیان بات چیت میں رکھی گئی۔

اگرچہ پیٹرسن نامناسب پیغامات بھیجنے کے معاملے پر معافی مانگ چکے اور ذاتی طور پر اینڈریو اسٹروس سے بھی معذرت کی تھی، تاہم مورس کا اصرار ہے کہ انھیں اس معاملے پر زیادہ ندامت ظاہر کرتے ہوئے دوبارہ عوامی سطح پر معذرت کرنی چاہیے، واضح رہے کہ پیٹرسن کا ای سی بی سے موجودہ معاہدہ یکم اکتوبر کو مکمل ہوگیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |