ٹمبر مارکیٹ آتشزدگی کے نقصانات کا جائزہ لینے کیلیے کمیٹیاں قائم

تاجروں اور متاثرین کو بولٹن مارکیٹ کی طرز پر بحال کیا جائے، رہائشی عمارتوں کو ازسر نو تعمیر کرایا جائیگا

پہلے روز مارکیٹ کھلنے پر جذباتی مناظر، متاثرین سے افسوس کیلیے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

ٹمبر مارکیٹ میں آتشزدگی کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ٹمبر مارکیٹ ایسوسی ایشن نے 4 کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو تیزی سے نقصانات کا تخمینہ مرتب کررہی ہیں۔

دوسری جانب سانحہ ٹمبر مارکیٹ کے بعد تجارتی سرگرمیاں بدھ کو جزوی طور پر بحال ہوگئیں، پہلے روز مارکیٹ کھلنے پر بھی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور متاثرین سے اظہار یکجہتی اور ان کے نقصان پر افسوس کے لیے آنے والے تاجروں کا تانتا بندھا رہا، تفصیلات کے مطابق ٹمبر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیمان سومرو نے بتایا کہ آتشزدگی کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے 50 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے اور باقی کام جمعرات تک مکمل کرلیا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ سروے کے لیے مارکیٹ کے انتہائی معتبر اور نیک نام افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو دکانوں، گوداموں، فلیٹ اور گھریلو سامان کے نقصان کا الگ الگ تخمینہ مرتب کررہی ہے حتمی تخمینہ جمعرات کے روز مکمل کرکے حکومت کو فراہم کردیا جائے گا، ٹمبر مارکیٹ کے تاجروں اور متاثرین کی بولٹن مارکیٹ کی طرز پر بحالی کی جائیگی،آتشزدگی سے تباہ ہونے والی رہائشی عمارتوں کو ازسر نو تعمیر کرایا جائے گا۔


جلنے والی دکانوں اور گوداموں میں رکھے مال، دکانوں اور گوداموں کی تعمیر، جلنے والی گاڑیوں کا معاوضہ، عمارتوں اور فلیٹوں کی مکمل تعمیر اور گھروں میں جل کر تباہ ہونے والی املاک کے نقصان کے ازالے کے بھی نقصانات کی مکمل تفصیل مرتب کی جارہی ہے، انھوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں ہزاروں کی تعداد میں مزدور بھی بے روزگار ہوئے ہیں۔

یومیہ اجرت کمانے والوں کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں دکانداروں رہائشی عمارتوں کے مکینوں کے ساتھ مزدوروں کے لیے بھی امداد کی جائیگی جس کے لیے ان کی فہرست بھی مرتب کی جارہی ہے، علاوہ ازیں آتشزدگی کے بعد پہلے روز مارکیٹ کھلنے پر بھی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور متاثرین سے اظہار یک جہتی اور ان کے نقصان پر افسوس کے لیے آنے والے تاجروں کا تانتا بندھا رہا شہر کے دیگر علاقوں میں قائم لکڑی اور فرنیچر کے بازاروں کے نمائندہ وفود نے بھی متاثرین سے ملاقات کرکے افسوس کا اظہار کیا۔

آتشزدگی کے باعث مارکیٹ میں چھائی افسردگی کی فضا بدھ کے روز بھی قائم رہی اور کاروباری سرگرمیاں انتہائی محدود رہیں، مارکیٹ کے تاجروں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ اس سانحے میں متاثرین تنہا نہیں ہیں مارکیٹ کے تاجر اپنی مدد آپ کے تحت بھی متاثرین کی داد رسی کریں گے، اس موقع پر بہت سے تاجروں نے متاثرین کے لیے ضرورت کی اشیا فراہم کیں۔
Load Next Story