اسٹیٹ بینک شرح سود کو سنگل ڈیجٹ پر لائے لاہور چیمبر

چین، بھارت،سری لنکا اوربنگلہ دیش کی طرح مارک اپ کی شرح فوری طور پرسنگل ڈیجٹ پر لائے،لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری۔

چین، بھارت،سری لنکا اوربنگلہ دیش کی طرح مارک اپ کی شرح فوری طور پرسنگل ڈیجٹ پر لائے،لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری۔ فوٹو: فائل

لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان پر زوردیا ہے کہ وہ بھی چین، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی طرح مارک اپ کی شرح فوری طور پر سنگل ڈیجٹ پر لائے جو تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلیے بہت ضروری ہے۔


ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر فاروق افتخار، سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں ابوذر شاد نے کہاکہ چین میں مارک اپ کی شرح 6.56فیصد، بھارت میں 8 فیصد، سری لنکا میں 7.75 فیصد اور بنگلہ دیش میں7.74 فیصد ہے جبکہ پاکستان میں 10.5فیصد ہے۔ انھوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں ان ممالک کامقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مارک اپ کی شرح سنگل ڈیجٹ پر ہو، گزشتہ کچھ عرصے سے صنعتی پیداوار اور اقتصادی و معاشی سرگرمیوں میںکمی اور صنعتوں کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہورہا ہے۔

جو اچھا شگو ن نہیں۔ انھوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک سخت زری پالیسی کے ذریعے افراط زرکی شرح پر قابو پانے میں ناکام ہوچکا ہے لہٰذا مارک اپ کی شرح بلند سطح پر رکھنے کا کوئی جواز نہیں، زیادہ پیداواری لاگت کی وجہ سے غیرملکی سرمایہ کاری کا عمل بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، اس وقت ملک کو انرجی، معاشی پالیسیوں میں تسلسل اور جی ڈی پی گروتھ کی اشد ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ پالیسی سازوں کو اس حقیقت کا احساس ہونا چاہیے کہ ملک کو معاشی بحران سے صرف نجی شعبہ ہی نکال سکتا ہے لہٰذا اسے زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینا ضروری ہے۔
Load Next Story