دہری شہریت کیس رحمن ملک فرح ناز اور نادیہ گبول کی سیشن عدالت میں طلبی

سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ریجنل الیکشن کمشنر کی درخواست پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے 9اکتوبر کے سمن جاری کردیے


Staff Reporter October 03, 2012
تینوں شخصیات کو ذاتی طور پر پیش ہوکر 50ہزار روپے فی کس کے ذاتی مچلکے داخل کرنیکی ہدایت، عدم حاضری پر وارنٹ جاری کرنیکا عندیہ۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمشنر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق دہری شہریت کیس میں نااہل قرار دیے گئے قومی وصوبائی اور سینیٹ کے ارکان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سیشن جج کی عدالت میں درخواستیں دائر کردی ہیں۔

منگل کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی حسن فیروز نے ریجنل الیکشن کمیشنر کی جانب سے دائر درخواست پر وفاقی وزیرداخلہ عبدالرحمنٰ ملک، رکن قومی اسمبلی فرح ناز اصفہانی اور رکن سندھ اسمبلی نادیہ گبول کو سمن جاری کرتے ہوئے 9اکتوبر کو عدالت میں طلب کرلیا ہے اور عدالت میں پیش ہوکر فی کس 50ہزار روپے کے ذاتی مچلکے داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

قبل ازیں ریجنل الیکشن کمشنر تنویر ذکی نے دفعہ 78/82.RPAکے تحت دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ 20ستمبر کوسپریم کورٹ نے دہری شہریت کیس میں سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 11ارکان کو نااہل قرار دیا تھا اور اپنے فیصلے میں ان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (PPC) 193/196/197/198/199کے تحت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ سندھ سے تعلق رکھنے والے مذکورہ پارلیمنٹیرینز کو بھی نااہل قرار دیکر ان کے خلاف مذکورہ ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ فاضل عدالت نے مذکورہ شخصیات کو سمن جاری کرتے ہوئے ذاتی طور پر عدالت میں طلب کرلیا ہے اور غیر حاضر ہونے کی صورت میں وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں