ٹی 20ورلڈکپ بھارت آؤٹ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا یہاں جشن وہاں سوگ

جنوبی افریقہ نے ناکامی کے باوجود میچ میں121سے زائد رنز بناکر گرین شرٹس کے آگے بڑھنے کاراستہ صاف کردیا


Sports Desk October 03, 2012
کراچی: ٹی 20ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد شائقین کرکٹ پاکستانی پرچم اٹھائے جشن منارہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان تمام رکاوٹوں کو عبور کرتا ہوا اس مرتبہ بھی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

قومی ٹیم نے پہلے ناقابل شکست آسٹریلیاکو32رنز سے ٹھکانے لگاکر اپنی پوزیشن کومستحکم بنایا پھر اس کے بعد بھارت کے خلاف جنوبی افریقی ٹیم نے 121 سے زائد رنز بناتے ہوئے پاکستان کی فائنل فورمیں رسائی پر مہر ثبت کردی جبکہ بھارت جیت کر بھی ایونٹ سے باہر ہوگیا۔ اگرچہ پروٹیز یہ سنسنی خیز مقابلہ ایک رن سے ہارگئے لیکن وہ اپنے ساتھ بھارت کوبھی لے ڈوبے،فائنل میں رسائی کیلیے گرین شرٹس کا مقابلہ جمعرات 4 اکتوبرکو میزبان سری لنکا سے ہوگا۔

جمعے کو دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا اورویسٹ انڈیز مدمقابل آئیںگے، بھارت سے میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کو پاکستانی شائقین نے بھی سپورٹ کیااوراچھے کھیل پر بھرپورداد دی، شکست پر بھارت میں صف ماتم بچھ گئی،شائقین نے سخت غم وغصے کا اظہارکیا،سابق کرکٹرز اورمیڈیا نے بھی بھارتی پلیئرزکوخوب آڑے ہاتھوں لیا، دوسری جانب پاکستانی ٹیم کی کامیابی اور پھر سیمی فائنل میں نشست پکی ہوجانے کے بعد ملک بھر میں جشن منایاگیا،منچلے سڑکوں پر نکل آئے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے،پرستاروں کی بڑی تعداد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے گھروں کے باہر پہنچ گئی اور ان کے اہلخانہ کو مبارکباد دیتی رہی جبکہ بھارت میں سوگ کا ماحول ہوگیا۔

منگل کو پاکستان نے آسٹریلیا کو32رنز سے شکست دیکر فائنل فور میں رسائی کیلیے اپنی پوزیشن کو مستحکم بنایا،کینگروز اگرچہ یہ مقابلہ ہارگئے لیکن انھوں نے 112 رنز بناکر اپنے رن ریٹ کوبہتر بناتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی، اس گروپ سے سیمی فائنل کی دوسری ٹیم کے تعین کیلیے بھارت اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ فیصلہ کن بنا، جس میں بھارت نے اگرچہ سنسنی خیز مقابلے میں پروٹیز کو ایک رن سے ہرادیا لیکن جنوبی افریقہ نے دوران میچ 121 سے زائد رنز بناکر بھارت کے آگے بڑھنے کا راستہ بند کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے آسٹریلیا کی فتوحات کو بریک لگاتے ہوئے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

جس پر گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6وکٹ پر 149رنز بنائے، ناصر جمشید55، کامران اکمل32 اور یاسرعرفات کی جگہ پلیئنگ الیون کا حصہ بنائے جانے والے عبدالرزاق نے 22کی اننگز کھیلی، آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے20 رنز کے عوض 3وکٹیں اپنے نام کیں۔ کینگروز کو ناکامی سے قطع نظر اس مقابلے میں 112رنز بنالینے پر سیمی فائنل میں جگہ مل جانی تھی ، ان فارم اوپنرز ڈیوڈ وارنر(8) اور شین واٹسن(8) کے جلد میدان بدر ہوجانے کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے اپنے پہلے ہدف پر توجہ مرکوز کیے رکھی، اننگز کی اختتامی اوور کی پہلی گیند پر مائیک ہسی نے عمرگل کو چوکا لگاکر ٹیم کا مجموعہ 114 تک پہنچاکر ٹیم کو مشکل سے نکال دیا، ہسی 54رنز بناکر نمایاں رہے، کپتان جورج بیلی نے 15، میتھیو ویڈ نے 13 اور کیمرون وائٹ12رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

دوسری جانب بھارت2007 کے بعد سے لگاتار تیسری مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل فور تک پہنچنے میں ناکام رہا جبکہ اس سے قبل دونوں مواقع پر بھارتی ٹیم کو سپر ایٹ مرحلے میں کوئی بھی فتح نہیں مل پائی تھی لیکن اس مرتبہ انھوں نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کو شکستیں دیں، بھارت نے سنسنی خیز مقابلے میں جنوبی افریقہ کیخلاف 1رن سے کامیابی حاصل کی، دھونی الیون نے پہلے کھیل کر 6وکٹ پر 152رنز بنائے، سریش رائنا 45رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مورن مورکل اور روبن پیٹرسن نے 2،2وکٹیں لیں، پروٹیز 19.5 اوورز میں 151 پر آئوٹ ہوگئے، فاف ڈو پلیسس نے 38 گیندوں پر 65 کی جراتمندانہ اننگز کھیل کر پاکستان کو اگلے مرحلے میں رسائی کا موقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، ظہیر اور لکشمی پاتھی بالاجی نے 3،3 جبکہ یوراج سنگھ نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جنوبی افریقی کی جانب سے یہ ابتدائی ہدف عبور کرجانے پر میدان میں پروٹیز جھنڈوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی پرچم اور شائقین کا جوش وخروش بھی عروج پر پہنچ گیا، بھارت سے میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کو پاکستانی شائقین نے بھی سپورٹ کیااور اچھے کھیل پر بھرپور داد دی، شکست پر بھارت میں صف ماتم بچھ گئی،شائقین نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا، سابق کرکٹرز اور میڈیا نے بھی بھارتی پلیئرز کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ اسپورٹس رپورٹرکے مطابق کراچی کے کئی علاقوں میں شائقین نے آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کرکے جشن منایا،لاہور سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف فتح کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ایک بار پھر زیرو سے ہیرو بن گئی، شائقین گرین شرٹس کی بھارت کے ہاتھوں شکست کو بھول کرکامیابی کاجشن مناتے رہے۔

پرستاروں کی بڑی تعداد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے گھروں کے باہر پہنچ گئی اور ان کے اہلخانہ کو مبارکباد دیتی رہی۔ اس موقع پر بعض منچلے سڑکوں پر نکل آئے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد کی سڑکوں پر آجانے اور نوجوان کی طرف سے ہلہ گلہ کرنے کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت کی معروف شاہرائوں پر ٹریفک جام رہا،اس موقع پر شائقین کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف بھی آسٹریلیا کی حکمت عملی اپنائی جاتی تو روایتی حریف کے خلاف بھی گرین شرٹس یقینی طور پر جیت جاتی۔ دوسری جانب پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی20 میچز کے دوران پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں بڑی ٹی وی اسکرینیں نہ لگنے سے شائقین کرکٹ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔

پنجاب اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا میچ ٹی وی اسکرینوں پر دیکھنے کیلیے آنے والے تماشائیوں کی بڑی تعداد کو جب معلوم ہوا کہ اسٹیڈیم میں ٹی وی اسکرینیں نہیں لگائی جارہیں تو انھیں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ افسردگی میں گھروں کو لوٹ گئے، شائقین کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے جس طرح پاک بھارت میچ کے دوران شائقین کرکٹ کے لیے پنجاب اسٹیڈیم میںبڑی ٹی وی اسکرینیں لگاکر میچ دیکھنے کے انتظامات کیے تھے اسی طرح پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ میں بھی ٹی وی اسکرینیں لگائی جانی چاہئیں تھیں۔ علاوہ ازیں گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے ٹی20ورلڈکپ میں آسٹریلیا کی ٹیم کے خلاف کامیابی اورسیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرنے پرگرین شرٹس کومبارکباد دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں