چیف جسٹس آف پاکستان ناصر الملک نے سزائے موت پانے والے قیدیوں کی اپیلوں کی سماعت کے لئے جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ تشکیل دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دہشت گردی کے مقدمات میں سزائے موت پانے والے قیدیوں کی اپیلوں پر سماعت کے لئے چیف جسٹس ناصر الملک نے بنچ تشکیل دے دیا جو 5 جنوری سے 9 جنوری تک اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تشکیل دیئے گئے 3 رکنی بنچ میں جسٹس اقبال حمیدالرحمان اور جسٹس عمر عطا بندیال شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سزائے موت پر عائد پابندی اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ نے اسپیڈی ٹرائل کا فیصلہ کیا تھا جس کے پیش نظر چیف جسٹس آف پاکستان نے انسداد دہشتگردی کی عدالتوں اور ہائیکورٹس کے معزز ججز سے مشاورت کے بعد قیدیوں کی اپیلوں پر سماعت کے لئے بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا۔