خیبرپختونخوا اسمبلی میں سانحہ پشاور کے 2 ہفتے بعد مذمتی قرارداد منظور

سانحہ میں شہید ہونے والی اسکول پرنسپل طاہرہ قاضی کو شجاعت اور بہادری پر اعلیٰ سول ایوارڈ دیا جائے، قرارداد کا متن


ویب ڈیسک January 02, 2015
آرمی پبلک اسکول کو یونیورسٹی کا درجہ دے کر پشاور کے تعلیمی ادارے شہدا کے نام سے منسوب کیے جائیں، قرارداد میں مطالبہ، فوٹو: فائل

SUKKUR: آرمی پبلک اسکول پر حملے کے 15 روز بعد خیبرپختونخوا اسمبلی کو واقعے کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کرنے کا خیال آگیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں ہوا جس میں اراکین اسمبلی نے 16 دسمبر کو آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے پر بحث کی اور بعد ازاں اسمبلی کو 2 ہفتے گزرنے کے بعد واقعے کے خلاف مذمتی قرار داد بھی منظور کرنے کا خیال آگیا۔ آرمی پبلک اسکول پر حملے کے خلاف مذمتی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان واقعے میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہم عزم کرتے ہیں کہ شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہےکہ سانحہ میں شہید ہونے والی اسکول پرنسپل طاہرہ قاضی کو شجاعت اور بہادری پر اعلیٰ سول ایوارڈ دیا جائے جب کہ آرمی پبلک اسکول کو یونیورسٹی کا درجہ دے کر پشاور کے تعلیمی ادارے شہدا کے نام سے منسوب کیے جائیں۔

واضح رہے کہ 16 دسمبر کی دوپہر دہشت گردوں کی جانب سے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 134 بچوں سمیت 144 افراد شہید ہوئے تھے جب کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں تمام حملہ آور بھی مارے گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں