کراچی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار اور باپ بیٹے سمیت5افراد ہلاک

بلدیہ ٹاؤن میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار 45سالہ تنویرقیصرجاں بحق ہوگیا۔


Staff Reporter January 03, 2015
لیاری غریب شاہ کارولائن کے رہائشی55سالہ عبد الغفار اور اس کے بیٹے 30 سالہ مصطفیٰ کو گینگ وارملزمان نے گھر سے نکال کر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور فرارہو گئے۔ فوٹو: فائل

شہرمیں فائرنگ اورپرتشدد واقعات کے دوران پولیس اہلکاراورخاتون سمیت5 افرادہلاک اورمتعددزخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن گلشن غازی اقبال جنرل اسٹورکے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار 45سالہ تنویرقیصرجاں بحق ہوگیا،مقتول سعیدآبادتھانے میں تعینات تھا،وہ جمعرات سے بیماری کے باعث4روز کی چھٹی پرتھا، تنویر قیصر سال 2015 میں شہید ہونے والاپہلاپولیس اہلکارہے۔کلاکوٹ کے علاقے لیاری نوالین اور گبول پارک میں گینگ وارملزمان میں تصادم کے دوران شدیدفائرنگ کی زد میں آکر 25 سالہ محمد حارث بلوچ ہلاک او 18 سالہ خیال زیب ہلاک جبکہ 20 سالہ سراج بلوچ اور 20 عابدزخمی ہو گئے،ہلاک و زخمی ہونے والے نوالین کے رہائشی تھے ،پولیس ذرائع کے مطابق عذیر بلوچ گروپ کے کارندوں اور سابق ناظم رؤف بلوچ کے کارندوں میں علاقے میں قبضے کیلیے تصادم ہوا تھا ،رؤف ناظم کے کارندے غلام شاہ لائن سے ہوتے ہوئے چیل چوک اور پھر وہاں سے نوالین میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔

تاہم وہاں پر عذیر کے کمانڈر ماب بلوچ اوراس کے کارندے پہلے سے موجود تھے جس پردونوں میں فائرنگ کاسلسلہ شروع ہو گیا ،علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گینگ وارکے کارندوں میں گبول پارک،نوا لائن ، شہرخ لائن ، فقیر محمد درا خان روڈ ، شہنشائی روڈ ، اور حاجی پکچر روڈ قبضے کے لیے شدید فائرنگ کا سلسلہ رات گئے تک جار رہا ،دونوں گروپ کے کارندے ایک دوسرے کے کارندے اغوا کرکے لے گئے ہیں،اغوا کیے جانے والوں میں حنیف ڈی جے کابھائی بھی شامل ہے۔واقعے کے3گھنٹے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے میں پہنچ کردونوں گروپ کے کارندوں کو بھگانے کے لیے ہوائی فائرنگ شروع کردی۔ایس ایچ او کلاکوٹ صفدر مشوانی کے مطابق مقتول حارث بلوچ لیاری گینگ وار کاکارندہ تھا جبکہ مقتول خیال زیب اورزخمی ہونے والے افرادراہگیر ہیں۔پولیس اوررینجرزنے متاثرہ علاقوں کوگھیرے میں لے کرآپریشن کے دوران متعددمشتبہ افرادکوحراست میں لے لیا۔

بغدادی میں ذکری محلے میں واقع پولیس اہلکار رحیم کے گھرکے قریب نامعلوم ملزمان نے دستی بم پھینک دیاجو زورداردھماکے سے پھٹ گیاجس کے نتیجے میں50 سالہ حلیمہ بی بی ہلاک جبکہ 3 سالہ فاطمہ دخترراشد اور45 سالہ خاتون زخمی ہوگئی ،ہلاک و زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔بغدادی پولیس کے مطابق ذکری محلے پرعذیر بلوچ گروپ اوربابا لاڈلا گروپ کے درمیان قبضے کے لیے لڑائی ہورہی ہے، حملہ آوروں کا تعلق عذیر بلوچ گروپ سے ہے۔لیاری آدم ٹی روڈ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 40سالہ جمیل شدید زخمی ہوگیا۔لیاری غریب شاہ کارولائن کے رہائشی55سالہ عبد الغفار اور اس کے بیٹے 30 سالہ مصطفیٰ کو گینگ وارملزمان نے گھر سے نکال کر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور فرارہو گئے، مقتولین کی لاشیں سول اسپتال لائی گئیں،لیاری میں گینگ وار کے کارندوں کے خوف سے مکین گھروں میں محصورہوگئے ہیں ۔گینگ وارکے کارندے جدیداسلحے سے لیس ہو کرمختلف گلیوں میں ٹولی کی شکل میں رات گئے تک موجودتھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں