ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے بچی جاں بحق

چناب رینجرز کی جانب سے بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے، آئی ایس پی آر

بھارتی گولہ باری سے 13سالہ لڑکی جاں بحق جب کہ 8 سالہ بچہ سلیم زخمی ہوا، آئی ایس پی آر. فوٹو: اے ایف پی/فائل

KARACHI:
شکر گڑھ اور ظفر وال سیکٹر میں ورکنگ باؤنڈری کے قریب دیہاتوں میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے بچی جاں بحق جب کہ ایک بچہ زخمی ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے شکر گڑھ اور ظفر وال سیکٹر کے مختلف علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری جاری ہے، بھارتی فوج کی گولہ باری سے ظفروال سیکٹر کے نواحی گاؤں چک نہالہ کی 13سال کی لڑکی شہید جب کہ شکرگڑھ کےعلاقے بھیکہ چک میں بھارتی فائرنگ سے8 سالہ بچہ سلیم زخمی ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جانب چناب رینجرز کے جوانوں کی جانب سے بھارتی فوج کو بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔


بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ اور گولہ باری سے چک امرو، درمان، سکھمال، بوریوالی، تارپور ڈبہ اور ابیال ڈوگر کے گاؤں بری طرح متاثر ہوئے جب کہ شہریوں کے گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا اور بڑی تعداد میں مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔ بھارتی فوج کی شدید فائرنگ اور گولہ باری کے باعث لوگوں میں شدید خوف ہراس پایا جاتا ہے جب کہ شدید فائرنگ کے باعث شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل بھی بھارت نے فلیگ میٹنگ کے لئے پاکستانی جوانوں کو بلا کر ان پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں رینجرز کے 2 جوان شہید ہو گئے تھے جس پر پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔


Load Next Story