کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 3افراد ہلاک

لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں کارو لائن میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے25 سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔

ایس ایچ او کلاکوٹ صفدر مشوانی کو تعیناتی کے موقع پردھمکی دی گئی تھی کہ اگر عذیر بلوچ کے خلاف کوئی بات کی تو نقصان ہوگا، ذرائع فوٹو: فائل

شہرکے علاقے لیاری اور ڈالمیا میں فائرنگ سے3 افراد ہلاک ہو گئے ، لیاری میں ہلاک ہونے والے کوگینگ وار کے ملزمان نے اس وقت قتل کیا جب وہ اپنے بھائی اور والد کے جنازے کے پاس گھر کے باہر بیٹھا ہوا تھا۔

مقتول کے والد اور بھائی کو جمعے کی شب عذیر بلوچ کے کارندوں نے بابا لاڈلا کے لیے مخبری کے شبہے میں گھر سے بلا کر قتل کر دیا تھا۔ لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں غریب شاہ مزار کے قریب کارو لائن میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے25 سالہ غلام علی ولد عبدالغفار ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او کلاکوٹ صفدر مشوانی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول جمعہ کی شب فائرنگ سے ہلاک ہونے والے غلام مصطفیٰ کا بھائی تھا، جمعے کی شب ملزمان نے غلام علی کے بھائی اور والد کو قتل کر دیا تھا، مقتول باپ بیٹوں کا تعلق لیاری گینگ وار کے عذیر بلوچ گروپ سے تھا اور انھیں بابا لاڈلا گروپ نے عذیر بلوچ گروپ کے لیے مخبری کرنے کے شبہے میں قتل کیا ہے جبکہ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقتولین کا تعلق کسی گینگ سے نہیں تھا۔


جمعے کی شب لیاری گینگ عذیر بلوچ گروپ کا کمانڈر ماب بلوچ اپنے دیگر4 ساتھیوں کے ہمراہ عبد الغفار کے گھر گیا اور باپ بیٹوں کو گھر سے باہر بلا کر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جبکہ ہفتے کی صبح جب غلام علی اپنے والد اور بھائی کی میتوں کے پاس بیٹھا ہوا تھا اور تعزیت کرنے آنے والوں سے نڈھال حالت میں ملاقات کر رہا تھا تو اسی دوران عذیر بلوچ گروپ کے4 کارندے آئے اور فائرنگ کر دی فائرنگ کے باعث تعزیت کے لیے آنے والوں میں بھگدڑ مچ گئی ، ملزمان نے اعلان کیا کہ اگر علاقے کا کوئی شخص جنازے میں شامل ہوا تو اسے بھی قتل کر دیں گے جس کے بعد مقتول باپ بیٹوں کی نماز جنازہ میں قریبی رشتے داروں نے شرکت کی جو لیاری سے باہر رہائش پذیر تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ مقتول باپ بیٹوں کو ماب بلوچ اور اس کے ساتھیوں نے بابا لاڈلا کے کارندوں کے شبہے میں قتل کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایس ایچ او کلاکوٹ صفدر مشوانی کو تعیناتی کے موقع پردھمکی دی گئی تھی کہ اگر عذیر بلوچ کے خلاف کوئی بات کی تو نقصان ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ گینگ وار کے ملزمان جس وقت علاقے میں گشت کرتے ہیں تو پولیس کو پہلے سے اطلاع کر دیتے ہیں اور اس وقت پولیس کی تمام موبائلیں پر اسرار طور پر غائب ہو جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں عزیز بھٹی کے علاقے ڈالمیا شانتی نگر موچی پاڑہ لال فٹ بال اسٹیڈیم کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے45 سالہ عابد الرحمٰن خان ہلاک ہوگیا، مقتول 6 ماہ قبل موچی پاڑہ میں کرائے کے مکان میں شفٹ ہوا تھا جبکہ وہ نجی کمپنی میں بطور سیکیورٹی گارڈ ملازمت کرتا تھا۔

کلاکوٹ کے علاقے لیاری جھٹ پٹ مارکیٹ پیلس پلازہ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 34 سالہ شخص ہلاک ہو گیا، کلا کوٹ تھانے کی انٹیلی جنس افسر محمد دین نے بتایا کہ مقتول کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے، مقتول شکل سے لیاری کا مقامی باشندہ لگتا ہے، شبہ ہے کہ مقتول کو گینگ وار کے ملزمان نے اغوا کر کے قتل کیا۔
Load Next Story