بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء نظر بند

ہم نے خالدہ ضیاء کو نظر بند نہیں کیا بلکہ ان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، وہ خود اپنا دفتر نہیں چھوڑ رہی ہیں، پولیس


ویب ڈیسک January 04, 2015
پولیس ہمارے 400 کارکنوں اور بہت سے اہم رہنماؤں کو گرفتار کر چکی ہے، بی این پی۔ فوٹو؛ اے ایف پی

بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے حکم پر پولیس نے اپوزیشن رہنما اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو ان کے دفتر میں نظر بند کر دیا ہے جب کہ ملک بھر میں کارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خالدہ ضیاء نے گزشتہ برس ہونے والے انتخابات کے بائیکاٹ کا ایک سال مکمل ہونے پر حکومت کے خلاف پورے بنگلہ دیش میں 'ڈیمو کریسی کلنگ ڈے' منانے کا اعلان کر رکھا تھا کہ پولیس نے سابق وزیراعظم کے دفتر پر دھاوا بول کر انھیں نظر بند کردیا۔

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے رہنما ایس آر شمس البسواس کا کہنا ہے کہ خالدہ ضیاء اپنی پارٹی کے بیمار رہنماؤں کی عیادت کے لئے آئی تھیں کہ پولیس نے ان کے دفتر کا گھیراؤ کر لیا اور انھیں نظر بند کر دیا۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے خالدہ ضیاء کو نظر بند نہیں کیا بلکہ ان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، وہ خود اپنا دفتر نہیں چھوڑ رہی ہیں۔

پولیس نے بی این پی کے دیگر رہنماؤں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے اور پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سمیت اہم رہنماؤں کو گرفتار کر لیا۔ پی این پی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پولیس ہمارے 400 کارکنوں اور بہت سے اہم رہنماؤں کو گرفتار کر چکی ہے۔

واضح رہے کہ خالدہ ضیاء کی بی این پی اور ان کی اتحادی جماعتوں نے گزشتہ برس ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی کے خدشے کے پیش نظر مکمل طور پر بائیکاٹ کردیا تھا جس کے باعث شیخ حسینہ واجد بلا مقابلہ ملک کی وزیراعظم منتخب ہو گئی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں