سندھ کے بعض وزرا کرپشن کے ریکارڈ بنا رہے ہیں مخدوم امین فہیم

پارٹی امور میں مجھ سے کوئی مشاورت نہیں کی جاتی بلکہ زیادہ تر فیصلے میری مشاورت کے بنا ہی کیے جاتے ہیں،امین فہیم

مخدوم امین فہیم شیری رحمان کو پارٹی کی نائب صدارت دیئے جانے پر قیادت سے ناراض ہیں، فوٹو:فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ کے بعض وزرا کرپشن کے ریکارڈ بنا رہے ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کی دعوت پر پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما مخدوم امین فہیم ان سےملاقات کے لیے بلاول ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے پارٹی کے شریک چیرمین سے ملاقات کے دوران اپنے تحفظات کا اظہار کیا، اس موقع پر امین فہیم نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی امور میں ان سے کسی قسم کی کوئی مشاورت نہیں کی جاتی اور زیادہ تر فیصلے ان کی مشاورت کے بنا ہی کیے جاتے ہیں۔ امین فہیم نے سابق صدر کو آگاہ کیا کہ سندھ میں ترقیاتی امور میں بھی انہیں نظر انداز کیا جارہا ہے جب کہ صوبے کے بعض وزرا کرپشن کے ریکارڈ بنا رہے ہیں۔ سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو بھی بلایا گیا جبکہ اس موقع پر شیری رحمان، شرجیل میمن، منظور وسان اور امین فہیم کے صاحبزادے مخدوم جمیل الزماں بھی موجود تھے جنہوں نے بطور وزیر اختیارات نہ ملنے پر سابق صدر سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔


سابق صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مخدوم امین فہیم کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سے عوامی مسائل پر بات ہوئی اور انہیں صوبے میں بد انتظامی سے آگاہ کیا جبکہ شریک چیرمین کو یہ بھی بتایا کہ لوگوں کے مسائل حل نہیں ہورہے اور پیپلزپارٹی کی حکومت سے لوگوں کو شکایات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی میں کسی معاملات پرتبادلہ خیال کیا جائے تو اسے اختلافات نہ سمجھا جائے، پیپلزپارٹی اور ہمارا چولی دامن کا ساتھ ہے تاہم پارٹی میں جہاں اصلاح کی ضرورت ہوگی تو ضرور بات کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہیں لائی جار ہی جبکہ فارورڈ بلاک کی باتوں کی تصدیق یا تردید نہیں کروں گا اس سے متعلق آصف زرداری سے ہی پوچھا جائے۔

واضح رہے کہ مخدوم امین فہیم شیری رحمان کو پارٹی کی نائب صدارت دیئے جانے پر قیادت سے ناراض ہیں جس پر پارٹی رہنماؤں کی جانب سے انہیں منانے کا سلسلہ جاری ہے۔
Load Next Story