سلمان تاثیر کی برسی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج متعدد افراد گرفتار
تھانہ گلبرگ میں درج کئے گئے مقدمے میں 7 نامعلوم افراد اور ایک تنظیم کو بطور حملہ آور نامزد کیا گیا ہے
پولیس نے گزشتہ روز سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی برسی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم کے رہنما عبداللہ ملک کی مدعیت میں لاہور کے تھانہ گلبرگ میں درج کئے گئے مقدمے میں 7 نامعلوم افراد اور ایک تنظیم کو بطور حملہ آور نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں دفعہ 365، 427 اور 506 کے علاوہ انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئیں ہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت امن وامان کے قیام کے لئے پرعزم ہے، پولیس نے سلمان تاثیرکی برسی میں ہنگامہ آرائی کرنے والے 35 شرپسندوں کو گرفتار کرلیا ہے
واضح رہے کہ گزشتہ شام لاہور کے لبرٹی چوک میں مقتول گورنر سلمان تاثیر کی برسی کی تقریب میں ڈنڈا بردار افراد نے حملہ کردیا تھا جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے تھے۔