ویلنگٹن ٹیسٹ دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کے سری لنکا کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز

سری لنکا نے پہلی اننگز میں 356 رنز بنائے جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 221 پر ڈھیر ہوگئی


ویب ڈیسک January 05, 2015
نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 80 اور واٹلنگ 48 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنا کر 118 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

ویلنگٹن میں کھیلے جارہے میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ٹام لیتھم اور ہیمش ردرفورڈ نے 75 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم 40 رنز بناکر ردرفورڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد کیوی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی اور 159 کے مجموعی اسکور پر اس کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تاہم کپتان کین ولیمسن اور بی جے واٹلنگ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور لنکن بولرز کو کسی کھاتے میں لائے بغیر کھیل کے اختتام تک ٹیم کے اسکور کو 253 پر پہنچادیا، کین ولیمسن 80 اور واٹلنگ 48 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جب کہ سری لنکا کے نووان پرادیپ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں کمار سنگاکارا کی شاندار ڈبل سنچری اور دنیش چندیمل کے 67 رنز کی بدولت 356 رنز بنائے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں کین ولیمسن کے 69 رنز کے باوجود 221 پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔