فلم ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ میں پٹھان لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہوں ثروت گیلانی

تھائی لینڈ میں فلم کے پہلے اسپیل کی شوٹنگ میں ہمایوں سعید سمیت پوری کاسٹ نے حصہ لیا، ماڈل و اداکارہ

آج تک ٹی وی ڈراموں میں چیلنجنگ کردار ادا کیے جس نے پہچان دی، خدا کرے نیا سال امن و امان اور خوشحالی کا ہو، ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

معروف ماڈل و اداکارہ ثروت گیلانی کا کہنا ہے کہ وہ کامیڈی میوزیکل فلم ''جوانی پھر نہیں آنی'' میں ایک پٹھان لڑکی کا رول کر رہی ہیں، اداکارہ نے کہا کہ میں دعا گو ہوں کہ نیا سال ہمارے لیے امن، سلامتی اور خوشحالی کا ثابت ہو۔


ثروت گیلانی نے نمائندہ ایکسپریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اپنے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا، بعد ازاں ٹی وی ڈراموں میں اداکاری شروع کردی۔ ٹی وی ڈراموں میں میری پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے پروڈیوسرز مجھے چیلجنگ کرداروں میں کاسٹ کرنے لگے اور آج تک میں نے اپنے ہر کردار کی جزئیات کو سامنے رکھتے ہوئے نبھانے کے لیے بھرپور محنت کی تاکہ دیکھنے والوں کو حقیقت کا گماں ہو اسی لیے آج جب درجنوں ٹی وی ڈرامہ روزانہ کی بنیاد پر آن ائیر ہیں، اس رش میں ناظرین کی توجہ حاصل کرنا ہی بڑی کامیابی ہے۔ شاپنگ یا کسی تقریب میں جاتی ہوں تو لوگ میرے نام کے بجائے کرداروں کی مناسبت سے پہچانتے ہیں جس پر بے حد خوشی ہوتی ہے۔

فلم میں کام کرنے کے حوالے سے ثروت گیلانی نے کہا کہ یہ میرے لیے پہلا تجربہ ہے جو خوشگوار رہا کیونکہ جس ٹیم کے ساتھ فلم ''جوانی پھرنہیں آنی'' کی شوٹنگ کر رہی ہوں یہ سبھی وہی لوگ ہیں جن کے ساتھ پچھلے ایک عرصہ سے کام کر رہی ہوں۔ فلم کا پہلا اسپیل تھائی لینڈ میں شوٹ ہوا ہے جس میں ہمایوں سعید سمیت پوری کاسٹ نے حصہ لیا، اس کا اسکرپٹ ہی بہت ہی دلچسپ ہے، جس میں میرا کردار ایک پٹھانی لڑکی کا ہے۔ فلم کا نیا اسپیل ماہ جنوری کے آخر تک پاکستان میں ہی شروع ہوگا۔ نئے سال کے حوالے سے ماڈل واداکارہ ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ ہمیں پھر موقع دیا ہے کہ ہم اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں سے سیکھتے ہوئے اچھے انسان بنیں اوراپنے ساتھ دوسروں کے لیے بھی اچھا سوچیں۔ میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ پچھلے سال سانحہ پشاور سمیت دیگر تکلیف دہ اور دردناک واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں، امن وامان اور خوشحالی ہی ہمارا مقدر بنے۔
Load Next Story