بھارتی فوج کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے جب کہ گزشتہ روز فائرنگ سے زخمی ہونے والی ایک اور خاتون دم توڑ گئی جس کے بعد 2 روز کے دوران شہادتوں کی تعداد 5 ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ظفر وال اور شکرگڑھ سیکٹر پروقفے وقفے سے شہری آبادی پر فائرنگ اور گولہ باری کی جارہی ہے جس کے دوران 2 خواتین سمیت 5 افراد شہید ہوگئے، آج شہید ہونے والی خاتون بشرا کنگرا روڈ کی رہائشی تھی جو دوران علاج دم توڑ گئی۔ اس سے قبل ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دسمبر سے اب تک بھارتی فوج نے 6 بار شہری آبادی کو نشانہ بنایا تاہم چناب رینجرز کی جانب سے بھی موثراور بھرپورجوابی کارروائی کی جارہی اور اس دوران بی ایس ایف کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بھارتی فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑرہا ہے جب کہ ذرائع کے مطابق چناب رینجرز کی جوابی کارروائی کے دوران گزشتہ روز 5 بھارتی فوجی بھی مارے گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھارت میں نریندر مودی کی انتہاپسند حکومت آنے کے بعد سے بھاتی فورسز کی جانب سے سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ اورگولا باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شہریوں سمیت کئی سیکیورٹی اہلکار شہید جب کہ لائن آف کنٹرول اورورکنگ باؤنڈری کے قریب رہنے والے شہری علاقہ چھوڑنے پر مجبورہوچکے ہیں