سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روزآسٹریلیا نے بھارت کے خلاف 2 وکٹوں پر 348 رنز بنا لئے
آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف چار ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے چوتھے اور آخری میچ کے پہلے روز کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنا لئے۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں کینگروز کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم کی جانب سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے پہلی وکٹ کی شراکت میں کرس روجر اور ڈیوڈ وارنر نے 200 رنز بنائے اور ڈیوڈ وارنر 101 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے فوری بعد ہی 204 رنز کے مجموعے پر روجر بھی 95 رنز بناکر محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ مہمان ٹیم کے بولرز کینگروز بلے بازوں کے سامنے بے بس دکھائی دیئے اور پہلے دن کھیل کے اختتام تک شین واٹسن 61 اور اسٹیون اسمتھ 82 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
بھارت کی جانب سے کینگروز بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑانے کے لئے 5 بولروں کو استعمال کیا گیا لیکن کوئی بولر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکا، محمد شامی نے 16 اوورز میں 58 رنز دیتے ہوئے ایک وکٹ حاصل کی جب کہ روی چندرن ایشونت نے بھی 28 اوورز میں 88 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے ابتدائی تین ٹیسٹ میچز میں مہندرا سنگھ دھونی نے ٹیم کی قیادت کی تھی تاہم ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد آخری ٹیسٹ میں ویرات کوہلی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جب کہ میزبان آسٹریلیا کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔