گوجرانوالہ کی مقامی عدالت میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق حملہ آور گرفتار
سیشن کورٹ میں وکلا کے کالے کورٹ پہن کر داخل ہونے والے مسلح ملزمان نے سماعت کے لئے آنے والے ایک شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا جب کہ پولیس نے ایک ملزم کو بھی حراست میں لے لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گوجرانوالہ کی سیشن کورٹ میں وکلا کے کورٹ پہن کر داخل ہونے والے 2 مسلح موٹرسائیکل سواروں نے احاطہ عدالت میں اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پیشی کے لئے آنے والا 40 سالہ شخص جاں بحق جب کہ ایک زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان کی جانب سے فرار ہونے کی کوشش کی گئی تاہم پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران پولیس نے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا جب کہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق رشید میاں چنوں کا رہائشی تھا جو زمین کے جھگڑے کے مقدمے میں پیشی کے لئے اپنے کزن کے ہمراہ عدالت آیا تھا تاہم ملزمان کی فائرنگ سے رشید موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ اس کا کزن شدید زخمی ہوگیا جسے 4 گولیاں لگیں اور اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ فائرنگ کا معاملہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہے تاہم گرفتار ملزم سے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور جلد اس کے فرار ہونے والے ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔