پاکستان دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے وزیر اعظم

ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم نواز شریف


ویب ڈیسک January 07, 2015
حکومت کی آزادانہ سرمایہ کاری پالیسی اور منافع کی بھاری شرح کی وجہ سے پاکستان سرمایہ کاری کے لئے پرکشش ملک ہے، نواز شریف فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جب کہ پاکستان دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔

بحرین کے دورے کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے بحرینی وزیراعظم شیخ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ سے وفود کی سطح پر ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران نواز شریف نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کی خود مختاری کی حمایت کرتا ہے اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی آزادانہ سرمایہ کاری پالیسی اور منافع کی بھاری شرح کی وجہ سے پاکستان سرمایہ کاری کے لئے پرکشش ملک ہے اس لئے پاکستان اور بحرین کے درمیان 20 کروڑ ڈالر کی دوطرفہ تجارت کے موجودہ حجم کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے 2007 میں قائم کی گئی پاک بحرین مشترکہ کاروباری کونسل کو دوبارہ فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بحرین کا بہت سے علاقائی اور عالمی امور پر یکساں موقف ہے۔ انہوں نے بحرین کی سماجی واقتصادی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پن بجلی، کوئلے، تیل اور گیس سمیت توانائی کے تمام شعبوں میں بحرین کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔

اس موقع پر بحرین کے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی ملک میں سیکیورٹی اور دفاعی خدمات کے اعلیٰ مہارت کے شعبوں سمیت تمام شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں