گیس قیمتوں میں اضافے کی تجویز حکومت مخالف سمت نہ چلے کراچی چیمبر کی شدید تنقید

عالمی نرخ کم، پاکستان میں جی ایس ٹی میں اضافے سے بڑھائے جا رہے ہیں، گیس ٹیرف فارمولہ بدلنے کی حمایت نہیں کریں گے


Business Reporter January 08, 2015
گیس مہنگی ہوئی تو صنعتیں بند یا ملازمین کی تعداد کم کی جائیگی، کاروبار بیرون ملک بھی منتقل کیا جاسکتا ہے، افتخار وہرہ فوٹو: فائل

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بھی گیس ٹیرف میں مجوزہ اضافے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس ٹیرف بڑھتے ہی کاروباری وپیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں پر جمود طاری ہوجائے گا۔

کراچی چیمبر کے صدر افتخار احمد وہرہ نے ایک بیان میں گیس نرخوں میں ممکنہ اضافے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس نرخوں میں مجوزہ اضافے کی صورت میں مختلف صنعتوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے خاص طور پر ویلوایڈڈ ٹیکسٹائل کے شعبے کی پیداواری لاگت میں حد سے زیادہ اضافہ ہوجائے گا، حکومت گیس نرخوں میں اضافے سے گریز کرے دوسری صورت میں تاجر برادری کے پاس اپنا کاروبار دیگر ممالک میں منتقل کرنے کے سوا کوئی چارہ باقی نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں کمی واقع ہورہی ہے مگر بدقسمتی سے پاکستان کے پالیسی ساز پٹرول پر جی ایس ٹی میں اضافہ کر کے مخالف سمت میں رواں دواں ہیں اور اب گیس نرخوں میں اضافے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس سے تاجر وصنعت کار برادری میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے۔

انہوں نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کے مختلف اہم شعبوں خصوصاً ٹیکسٹائل، لیدر، کنفیکشنری، لوہا، اسٹیل، بیوریجز سمیت گیس پر انحصار کرنے والے دیگر صنعتیں یا تو بند ہو جائیں گی یا پھر پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے انہیں ملازمین کی تعداد میں کمی کرنا پڑے گی۔ افتخار احمد وہرہ نے کہا کہ تاجربرداری کو احساس ہے کہ حکومت کو مالی خسارے کا سامنا ہے لیکن یوٹیلٹیز آمدنی کا ذریعہ ہر گز نہیں سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے گیس نرخوں میں اضافے کے فارمولے پر نظرثانی کی افواہوں پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیواے سی اوجی( وٹیج ایوریج کاسٹ آف گیس) کی بنیاد پرموجودہ فارمولا مطلوبہ ضروریات اور حسابات کے مطابق قابل اعتبار ہے تاہم کراچی چیمبر موجودہ فارمولے میں کسی قسم کے رد وبدل اور متبادل فارمولے کی حمایت نہیں کرے گا۔ انہوں نے مجوزہ گیس نرخوں میں اضافے کو کاروبار مخالف،حد سے زیادہ اورظلم سے تعبیر کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ یہ قدم اٹھانے سے گریز کرے بصورت دیگرتمام صنعتیں نتیجتاً بند ہوجائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں