2024

عمران نے خود رشتہ بھیجا رخصتی آئندہ ہفتے ہوگی کزن ریحام خان

ریحام خان کی پہلی شادی ان کے پھوپھی زاد کزن ڈاکٹر اعجاز الرحمان سے ہوئی تھی


INP/زبیر ایوب January 08, 2015
1992میں ڈاکٹراعجاز سے پہلی شادی اور 2006 میں طلاق ہوئی، دستاویزات ایکسپریس کو موصول۔ فوٹو : فائل

ٹی وی اینکر ریحام خان کے قریبی رشتہ داروں نے انکی عمران خان سے نکاح کی تصدیق کردی ہے۔

آئی این پی کے مطابق مانسہرہ کے علاقہ بفہ میں ریحام خان کے کزن انورزیب، محمد اقبال اور دیگر افراد نے میڈیا کو بتایا کہ ریحام خان مانسہرہ کے رہائشی ڈاکٹر نیئر رمضان کی بڑی بیٹی ہیں، انکی پیدائش والد کی لیبیا میں ملازمت کے دوران 4 اپریل 1974 کو ہوئی تھی، ریحام خان کی پہلی شادی ان کے پھوپھی زاد کزن ڈاکٹر اعجاز الرحمان سے ہوئی، ریحام خان کے شعبہ صحافت سے منسلک ہونے کے بعد انکے سسر اور شوہر سے شدید اختلافات پیدا ہوگئے تھے اور اسی بنا پر علیحدگی ہوئی، ریحام خان کے سابق شوہر سے 3 بچے ہیں جو انگلینڈ میں والد کے پاس رہتے ہیں، ان کے 22 سالہ بیٹے کا نام ساحر جب کہ دو بیٹیوں کے نام ردا اور عنائیہ ہیں، ریحام خان کچھ عرصہ قبل انگلینڈ سے پاکستان منتقل ہوئیں اور دھرنا کے دوران انکی عمران خان سے قربت بڑھنے لگی۔ ریحام کے رشتہ داروں کے مطابق عمران خان نے خود ریحام خان کی والدہ کے پاس رشتہ بھیجا، ایک ہفتہ قبل دونوں کا سادگی سے نکاح ہوا جب کہ آئندہ ہفتہ رخصتی ہوگی۔

سابق گورنر و چیف جسٹس عبدالحکیم خان بھی ریحام خان کے چچا ہیں۔ ادھر ایبٹ آباد سے نمائندے کے مطابق ریحام خان کی پہلے شوہر ڈاکٹر اعجاز الرحمان سے شادی اور طلاق سے متلعق کاغذات ایکسپریس کو مل گئے۔ نکاح کے وقت ریحام خان کی عمر 18 سال اور نکاح کی تاریخ 23 جولائی 1992 ہے۔ ریحام خان کے قریبی عزیز اور سابق صدر ڈسڑکٹ بار ایبٹ آباد قاضی ارشد نے ایکسپریس کو بتایا کہ ریحام خان کا آبائی علاقہ ضلع مانسہرہ بفہ ہے جب کہ انکے والد نیئر رمضان نے ملازمت کے سلسلے میں پشاور میں سکونت اختیار کی تھی۔ ایکسپریس کو دستیاب طلاق نامہ کے مطابق مذکورہ جوڑے کے درمیاں طلاق 13 دسمبر 2006 کو ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں