امریکی ڈاکٹر کے اغوا میں ملوث القاعدہ کے دہشت گرد کو 3 بار سزائے موت

حافظ عمران کی جائیداد ضبط،5لاکھ جرمانہ، دم ادائیگی پر مزید 6 سال قید بھگتنا ہوں گے

حافظ عمران کیخلاف 13اگست2011 کو ماڈل ٹائون میں مقدمہ درج کیاگیا فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک نے امریکی ڈاکٹروائن اسٹائن کے اغوا کے مجرم حافظ عمران کو3مرتبہ سزائے موت سنادی۔


مقدمے کی سماعت کوٹ لکھپت جیل ہائی سیکیورٹی زون میں ہوئی، انسداددہشت گردی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مجرم کی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا، اس پر 5لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جب کہ عدم ادائیگی پر مزید 6 سال قید بھگتنا ہوگی۔ استغاثہ کے مطابق کالعدم تنظیم کے کارکن حافظ عمران نے امریکی ڈاکٹر وارس اسٹائن کو اغوا کر کے اس کی رہائی کے لیے اپنے ساتھی طالبان کارکن کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

این این آئی کے مطابق حافظ عمران کا تعلق القاعدہ سے بتایا گیاہے، اس کیخلاف 13اگست2011 کو ماڈل ٹائون میں مقدمہ درج کیاگیا، 70سالہ وائن اسٹائن یو ایس ایڈ کا کنٹریکٹر تھا۔ ایمن الظواہری نے وڈیوپیغام میں تصدیق کی تھی کہ اسے القاعدہ نے اغواکیا۔ دریں اثناخصوصی عدالت نے سری لنکن ٹیم حملہ کیس میں ملوث ملک اسحٰق کو پیش کرنے کادوبارہ حکم دیدیا، فاضل جج نے گزشتہ روزملزم کو پیش نہ کرنے پرجیل حکام کودوبارہ نوٹس جاری کر دیا جبکہ پولیس کو چند روز قبل تختہ دار پر لٹکائے جانے والے مجرم ڈاکٹرعثمان کیخلاف الگ چالان پیش کرنے کیلیے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
Load Next Story