سڈنی ٹیسٹ بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 342 رنزبنالئے

لوکیش راہل 110 رنز بنا کر پویلین لوتے جب کہ روہت شرما 53 رنز بناکرآؤٹ ہوئے جبکہ ویرات کوہلی 140 رنزپرکریز پر موجود۔


ویب ڈیسک January 08, 2015
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور شین واٹسن نے 2،2 جب کہ نیتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔ فوٹو؛ اے ایف پی

بھارت نے سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام تک آسٹریلیا کے 572 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز کے دوران 5 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنا لئے۔


سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ کے تیسرے روز مہمان بھارت نے 71 رنز ایک وکٹ کے نقصان سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا اور بھارتی بلے باز پراعتماد انداز میں کینگروز بولروں کی پٹائی لگاتے رہے، اوپننگ بیٹسمین لوکیش راہل 110 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ روہت شرما 53، اجنکایا ریہانے 13 اور سریش رائنا بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے، تیسرے روز کھیل کے اختتام تک کپتان ویرات کوہلی 140 اور وردیمان ساہا 14 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔


میزبان آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور شین واٹسن نے 2،2 جب کہ نیتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کی اور ریان ہیرس، جوش ہیزلیووڈ اور اسٹیون اسمتھ کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔


واضح رہے کہ 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا کو 0-2 کی واضح برتری حاصل ہے جب کہ چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 572 رنز پر ڈکلئیر کردی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں