فرانس میں شرپسندوں کی فائرنگ اور مسا جد پردستی بموں سے حملہ خاتون پولیس اہلکارہلاک

مغربی پیرس میں شرپسند عناصر نےمسجد میں 3 دستی بم پھینکےجبکہ جنوبی فرانس میں نماز مغرب کےبعد مسجد پردستی بم پھینکا گیا


ویب ڈیسک January 08, 2015
اخبار کے دفتر پر ہونے والے حملے میں ملوث 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، وزارت داخلہ۔ فوٹو؛ اے ایف پی

فرانس میں ہفت روزہ اخبار پر فائرنگ حملے کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں دو مساجد کو دستی بم حملوں اور گولیوں سے نشانہ بنایا گیا جب کہ فائرنگ سے خاتون پولیس اہلکار ہلاک ہوگئی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق مغربی پیرس کے شہر لی مانس میں شرپسند عناصر مسجد کے اندر 3 دستی بم پھینک کر فرار ہوگئےجب کہ جنوبی فرانس کے شہر ناربونے میں مغرب کی نماز کے بعد مسجد پر دستی بم سے حملہ اور فائرنگ کی گئی تاہم ان واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مشرقی فرانس کے شہر ولیے فرنچ سرسوانے میں مسجد کے قریب کباب کی دکان میں بھی بم دھماکا ہوا۔

دوسری جانب دارالحکومت پیرس میں مسلح شخص کی فائرنگ سے خاتون پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے اسپتال منتقل کردیا جہاں خاتون اہلکارزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، فائر نگ کرنے والا شخص کارروائی کے بعد کار میں سوار ہوکر فرار ہو گیا جب کہ مسلح شخص نے بُلٹ پروف جیکٹ بھی پہن رکھی تھی۔

وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اخبار کے دفتر پر حملے میں ملوث 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور 2 بھائیوں سمیت 3 افراد کے خاکے بھی جاری کر دیئے گئے جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس میں ہفتہ روزہ اخبار کے دفتر پر نامعلوم افراد کے حملے میں صحافیوں اور پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔