عمران خان اور ریحام خان رشتہ ازدواج میں منسلک

بنی گالہ میں ہونے والی نکاح کی تقریب میں عمران خان کی چاروں بہنیں اور دونوں بچے موجود نہیں تھے۔


ویب ڈیسک January 08, 2015
عمران خان نے دو روز قبل ہی اپنی شادی سے متعلق خوشخبری سنانے کا اعلان کیا تھا۔ فوٹو:عمران خان ایف بی پیچ

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور اینکر پرسن ریحام خان بنی گالہ میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔

[poll id="277"]

ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان اور ریحام خان کے نکاح کی تقریب بنی گالہ میں ان کے فارم ہاؤس میں ہوئی، ان کا نکاح مفتی سعید نے پڑھایا جبکہ عمران خان کے دوست ذاکر خان اور عون چوہدری گواہ بنے۔ نوبیاہتا جوڑے نے ہم رنگ ملبوسات زیب تن کررکھے تھے۔ عمران خان نے کریم رنگ کی شیروانی پہنی ہوئی تھی جبکہ ریحام خان بھی اسی رنگ کے جوڑے میں ملبوس تھیں۔ نکاح کی تقریب میں 10 سے 15 افراد ہی شریک تھے یہاں تک کہ عمران خان کی چاروں بہنیں اور دونوں بچے بھی شریک نہیں تھے۔

نکاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نکاح خواں مفتی سعید نے بتایا کہ نکاح کی تقریب میں کچھ خواتین تھیں جنہیں وہ نہیں جانتے تاہم عمران خان نے نکاح میں دلہن کا حق مہر ایک لاکھ روپے رکھا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ خان صاحب۔ شادی مبارک ہو، کرکٹر وسیم اکرم نے بھی عمران خان کو نکاح پر مبارکباد پیش کی جب کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ عمران اپنی خوشگوار زندگی گزاریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے عمران اور ریحام خان کی شادی کی خبریں میڈیا پر زینت بنی ہوئی تھیں اور خود عمران خان نے بھی دو روز قبل خوشخبری سنانے کا اعلان کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔