سزائے موت کے 3 مجرموں کی پھانسی پرعملدرآمد روک دیا گیا

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کا مجرموں کی درخواست منظور کرتے ہوئے وفاق کو نوٹس جاری۔


ویب ڈیسک January 09, 2015
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کا مجرموں کی درخواست منظور کرتے ہوئے وفاق کو نوٹس جاری۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے مشرف حملہ کیس میں سزائے موت پانے والے تین مجرموں کی پھانسی پر عملدرآمد روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل ایک رکنی بنچ نے نوازش علی، خالد محمود اور مشتاق احمد کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکیل کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ تینوں افراد کو فوجی عدالت نے چارج شیٹ کیے بغیر سزائے موت سنائی اور کوئی بھی دستاویزات دیئے بغیر سزائے موت دینے کا حکم دیا جبکہ فیصلے کے خلاف اپیلیں بھی کی گئیں جو کوئی بھی وجہ بتائے بغیر مسترد کردی گئیں۔

فاضل عدالت نے مجرموں کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد درخواست سماعت کے لیےمنظور کرلی جب کہ وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پیر کو ڈپٹی اٹارنی جنرل کو دلائل کے لیے طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ تینوں مجرموں کو فوجی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف پر حملے کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی اور تینوں مجرموں کو آج اڈیالہ جیل راولپنڈی میں پھانسی دی جانا تھی، سزا یافتہ مجرم خالد محمود فضائیہ کے سابق چیف ٹیکنیشین ہیں جبکہ نوازش بھی ایئر فورس کا سابق اہلکارجبکہ تیسرا مجرم مشتاق احمد عام شہری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں