سعودی عرب میں بلاگر کو اسلام کی توہین کرنے پر ایک ہزار کوڑوں کی سزا

بلاگر کو جدہ میں مسجد کے باہر لاکر اس پرعائد الزامات پڑھ کر سنانے کے بعد 50 کوڑے لگائے گئے،غیرملکی خبرایجنسی

رائف بداوی کو سزا کے طور پر سر عام ہر جمعہ کو 50 کوڑے مارے جائیں گے،غیرملکی خبررساں ایجنسی فوٹو:فائل

سعودی حکومت نے بلاگر کو سائبر کرائم اور مذہب اسلام کی توہین کرنے پر ایک ہزار کوڑوں اور 10 سال قید بامشقت کی سزا کے ساتھ جرمانے کے طور پر ایک ملین ریال بھی ادا کرنے کا حکم دیاہے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں رائف بداوی نامی بلاگر کو اسلام کی توہین کرنے اور سائبر کرائم کے جرم میں ایک ہزار کوڑوں اور 10 سال قید با مشقت کی سزا کے ساتھ جرمانے کے طور پر ایک ملین سعودی ریال بھی اداکرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ خبررساں ایجنسی کا عینی شاہدین کے حوالے سے کا کہنا تھا کہ رائف بداوی کو جدہ میں مسجد کے باہر لاکر اس پر عائد الزامات مجمعے کے سامنے پڑھ کر سنائے گئے اور پھر جمعہ کی نماز کے بعد اسے 50 کوڑے لگائے گئے جب کہ رائف بداوی کو سزا کے طور پر سر عام ہر جمعہ کو 50 کوڑے مارے جائیں گے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے رائف بداوی کو دی جانے والی سزا کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا جب کہ امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان نے بھی سعودی عرب سے رائف بداوی کی سزا فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
Load Next Story