نیوزی لینڈ نے پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو شکست دے دی

نیوزی لینڈ نے 219 رنز کا ہدف 43 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا


ویب ڈیسک January 11, 2015
نیوزی لینڈ کی جانب سے میک کولم نے 22 گیندوں پر 51 رنز بٹورے۔ فوٹو؛ اے ایف پی

MULTAN: نیوزی لینڈ نے 7 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے ایک میچ میں سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ جو زیادہ سو مند ثابت نہ ہوا اور مہیلا جے وردھنے کے علاوہ کوئی بھی سری لنکن بلے باز کیوی بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔ سری لنکا نے جے وردھنے کے 104 رنز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 218 رنز اسکور کئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میک کلنگھن نے 4 ایڈم ملنے نے 2 جب کہ ناتھن میک کولم اور کورے اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 219 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے کورے اینڈرسن اور برینڈن میک کولم کی ففٹیز کی بدولت 43 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ کورے اینڈرسن نے 81 جب کہ میک کولم نے 22 گیندوں پر 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے کولاسیکارا، تلکارتنے دلشن اور سینا نائکے نے 2،2 جب کہ ایرنگا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سات ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو سری لنکا کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں