یہ خشک ہوائیں۔۔۔

جلد کو موسمی اثرات سے محفوظ بنائیے


Shahida Rehana January 12, 2015
جلد کو موسمی اثرات سے محفوظ بنائیے۔ فوٹو: فائل

خشک ہوائیں سردیوں کا تحفہ ہیں۔ ایسے موسم میں نارمل جلد کے حامل افراد کو بھی جلد کو نرم اور ملائم رکھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جب کہ جن کی جلد پہلے ہی خشک ہو، وہ مزید مسائل سے دوچار ہوتے ہیں۔ ایسے موسم میں نمی کے حصول کے لیے مندرجہ ذیل دیسی ٹوٹکے خاصے موثر ثابت ہوتے ہیں۔

٭سردیوں میں پھٹے ہوئے ہونٹوں کے علاج کے لیے روزانہ دودھ کی بالائی ملیں۔ آدھی چٹکی پسی ہوئی پھٹکری، ایک چمچا گلیسرین اور ایک چمچا بالائی میں ملا کے رکھ لیں اور دن میں جب بھی ہونٹ خشک محسوس ہوں، لگالیں۔ بالائی میں نمک ملا کر بھی ہونٹوں پر لگانے سے ہونٹ نہیں پھٹیں گے۔

ناریل کے تیل میں شہد کی مکھی کے چھتے کا موم پگھلا کر ملا لیں اور اسے ہونٹوں پر لگائیں۔ ہونٹ خشک نہیں ہوں گے۔

٭جسم کی خشکی دور کرنے کے لیے اصلی گھی یا نارمل گھی میں نمک ملا کر ملیں۔ خشکی دور ہونے کے ساتھ خارش بھی جاتی رہے گی۔

٭پھٹی ہوئی ایڑیوں سے بچنے کے لیے ایڑیوں پر موم اور ناریل کا تیل ملا کے لگائیں اور موزے پہن لیں۔

٭ اگر آپ کے چہرے پر کیل مہاسوں اور دانوں کے داغ ہیں، تو روزانہ رات کو اصلی شہد اور بالائی ملا کر لگائیں۔ متواتر استعمال سے اسی موسم سرما میں داغ ختم ہو جائیں گے۔

٭موسم سرما میں جھڑتے ہوئے بالوں کو روکنے کے لیے بیری کے پتوں کو پیس کے لگائیں۔ آدھے گھنٹے تک ملیں اور نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ کسی بھی صابن یا شمپو کی ضرورت نہ ہوگی۔

موسم سرما میں درج ذیل امور ہفتے میں ایک بار ضرور انجام دیں۔

٭ دہی میں تھوڑا سا تیل ڈال کر آدھا گھنٹا بالوں میں خوب ملیں اور نیم گرم پانی سے دھو لیں۔

٭ انڈے کی زردی میں لیموں کا رس شامل کر کے دس منٹ تک لگائیں یا صبح کے وقت سرسوں کے تیل کا مساج کریں۔ بھنوئوں پر دو منٹ زیتون کے تیل کا مساج کریں۔

٭پلکوں پر اصلی شہد اور کیسٹر آئل ملا کے لگائیں۔ آنکھوں میں سرمہ لگائیں۔



کانوں کی صفائی کے لیے رات کو سوتے ہوئے سرسوں کا تیل ڈالیں اور صبح کانوں کی میل صاف کریں۔

٭انناس کا رس دہی، انڈا، شہد یا بیسن میں سے کسی ایک کا لیپ کریں۔ مکھن، ماجرین، بالائی، دودھ، دہی کو لیموں کے رس کے ساتھ لگائیں۔

٭ایک گلاس نیم گرم پانی میں ایک لیموں کا رس شامل کر کے پی لیں۔ نہانے سے قبل کسی بھی دست یاب تیل کا مساج کریں۔ نہانے کے پانی میں تھوڑا سا نمک شامل کرنا بھی مفید ہے۔

٭ ایک بار مینی کیور و پیڈی کیور کریں۔ نیم گرم پانی میں تھوڑا سا میٹھا سوڈا، نمک، شیمپو اور چند قطرے لیموں کے رس ڈال کر دس منٹ تک ہاتھ پیر بھگو کر رکھیں۔ پیروں کو جھاویں سے اور ہاتھوں کو ٹوتھ برش سے صاف کریں۔ ناخن تراشیں اور دس منٹ تک دو لہسن کے جوے رگڑیں۔ پھر نیم گرم پانی سے ہاتھ دھو کر صرف ناریل کا تیل یا زیتون کا تیل لگا کر پانچ منٹ کے لیے موزے اور دستانے پہن لیجیے۔ ہفتہ بھر آپ کو کسی ٹوٹکے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اس کے علاوہ سیب کے عرق میں میدہ ملا کر بھی لگایا جا سکتا ہے۔ جو کے آٹے کو دودھ میں ملا کر لگائیں اور منہ دھونے کے بعد ناریل کا تیل لگائیں۔ چہرے سے بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات کو کم کرنے کے لیے انڈے کی زردی کا ماسک بہت عمدہ ہوتا ہے۔ انڈے کی زردی کو اچھی طرح پھینٹ لیں اور اس میں چند قطرے بادام یا زیتون کا تیل کے ملا لیں، اب بیس منٹ کے لیے گردن، چہرے اور ہاتھوں پر اس ماسک کو لگائیں اور بیس منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ اگر آپ مستقل اس ماسک کو لگاتی رہیں گی تو بہت جلد اپ کی جلد جھریوں سے پاک ہونا شروع ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ رات سوتے وقت دس منٹ زیتون کے تیل کا مساج بھی مفید ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں