آئی جی پنجاب کی ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت
کسی دوسرے کو کافرقراردینے، مارنے، جلانے اورقانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے،مشتاق سکھیرا
آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف قائم ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔
آئی جی آفس میں ہونے والے ریجنل افسران کی میٹنگ کے دوران مشتاق سکھیرا نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ صوبے میں اقلیتوں کے تحفظ کے لئے کسی دوسرے کو کافر قرار دینے، مارنے، جلانے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے، اسی طرح صوبے بھر میں افغان مہاجرین کی جانب سے قائم کئے گئے نوگوایریاز کو ختم کرنے اور غیر قانونی طور پر مقیم پناہ گزینوں کو نکالنے کے لئے کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ مساجد میں لاؤڈ اسپیکرصرف اذان، عربی خطبوں، جنازوں اور گمشدگی کے اعلانات کے لئے استعمال کرنے کی اجازت ہوگی اور کسی قسم کی اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے تمام صوبوں کے وزرا اعلی کی سربراہی میں ایپکس کے نام سے کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جو دہشتگردی کے خلاف فیصلے کرتے ہوئے صوبوں اور وفاق کے درمیان تعاون بڑھانے کا کام بھی انجام دیں گی.