بااختیارجوڈیشل کمیشن نہ بنا تو نوازشریف کیلئے حکومت چلانا ناممکن ہوجائے گا عمران خان

دھاندلی شدہ حکومت کو جتوانے کے پیچھے نگراں حکومت تھی جس نے دھاندلی میں ان کی مدد کی، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک January 12, 2015
انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے، عمران خان کا مطالبہ۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے 18 جنوری کو دھرنا کنونشن میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور اگر اس وقت تک بااختیار جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو نوازشریف کے لئے حکومت کرنا ناممکن ہوجائے گا۔


اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےعمران خان کا کہنا تھا کہ دھاندلی شدہ حکومت کو جتوانے کے پیچھے نگراں حکومت تھی جس نے دھاندلی میں ان کی مدد کی اور جب بھی ریٹرنگ افسران کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا تو وہ خود بتائیں گے کہ انہیں کس نے دھاندلی پر مجبور کیا اس لئے انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حامد خان، جہانگیر ترین اور میرے حلقے میں دھاندلی ثابت ہوچکی ہے اور اعتزاز احسن کی اہلیہ بشریٰ اعتزاز کے حلقے این اے 124 کے تھیلے این اے 122 میں ملے جہاں سے اسپیکر ایاز صادق کامیاب ہوئے اور فراڈ الیکشن سے بننے والی اسمبلی ایاز صادق کس طرح چلا رہے ہیں لہذا انہیں فوری استعفیٰ دے دینا چاہئے۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کو عظیم ملک بنانا ہے تو صاف او شفاف انتخابات کرانا ہوں گے کیوں کہ دھاندلی کرکے آگے آنے والے لوگ اسمبلی میں آکر کرپشن کا مقابلہ نہیں کرسکتے، انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے بااختیارجوڈیشل کمیشن نہ بنا تو الیکشن لڑنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے مجرموں کو سزائیں ملنے تک انتخابی اصلاحات سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں