امریکی وزیر خارجہ جان کیری آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے لئے فوجی ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو ) پہنچے جہاں ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سلامی دی جب کہ اس موقع پر پاک فوج کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور جان کیری کے درمیان ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل لائیو آسٹن نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی تھی۔