حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم کا ہدف مکمل کرلیا گیا

غیرذمے داری کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز اور پولیو ٹیموں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، کمشنر


Staff Reporter January 14, 2015
غیرذمے داری کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز اور پولیو ٹیموں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، کمشنر۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD: کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہاکہ کراچی کی 9 حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم میں بچوں کو پولیو انجکشن اور ویکسین کے لیے دیا گیا ہدف پورا کرلیا ہے، جو ڈاکٹرز اور پولیو ٹیموں کے ارکان غیرذمے داری کامظاہرہ کریں گے انھیں معطل کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لیے پولیو ٹیموں کو جانفشانی اور قومی جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے، وہ اپنے دفتر میں انسداد پو لیومہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے، اجلاس میں عالمی ادارہ صحت، یونیسف کے نمائندے، محکمہ صحت کے افسران اور ٹاؤن ہیلتھ افسران نے شرکت کی، اجلاس میں بتایا گیا کہ انسداد پولیو مہم کے تحت کراچی کی 9حساس یونین کونسلوں میں10جنوری سے 4روزہ انسداد پولیو مہم کے تحت صحت کیمپس پر4ماہ سے کم عمر بچوں کو پولیوکے قطرے پلائے جارہے ہیں جبکہ اس سے زائد عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ انجکشن کے ذریعے بھی ویکسن لگائی جارہی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ مہم کے تیسرے روز 94 فیصد ٹارگٹ حاصل کیا گیا، یونین کونسل بلدیہ اوریونین کونسل چشتی نگرضلع غربی میں100فیصدٹارگٹ حاصل کیا گیا جبکہ یو نین کونسل بلوچ گوٹھ میں92، یونین کونسل اسلامیہ کالونی اورنگی میں 90، یونین کونسل سونگل اور یونین کونسل منگھوپیرضلع گڈاپ میں، 90 90 فیصد ٹارگٹ حاصل کیا گیا، کمشنر نے کہا ہے کہ ٹاؤن ہیلتھ افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ مہم کے آخری روز100فیصد ٹارگٹ حاصل ہو اور جن یونین کونسلوں میں ٹارگٹ مکمل نہیں ہوسکا وہاں خصوصی توجہ دی جائے، انسداد پولیو مہم ایک قومی ذمے داری ہے جس کی کامیابی بچوں کے مستقبل اور عالمی دنیا میں ملک کے وقار سے وابستہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں