ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برف باری نے دھند کا خاتمہ کردیا

آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں موسم سرد اورخشک رہےگاتاہم بالائی علاقوں میں بارش اوربرفباری کا امکان ہے،محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک January 14, 2015
حالیہ بارش اور برفباری کے باعث ملک بھر میں درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری تک کمی کا امکان ہے.۔فوٹو: فائل

RAWALPINDI: ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر ہونے والی برفباری نے کئی دنوں سے جاری خشک سردی اور دھند کا خاتمہ کردیا۔

خیبر پختونخوا، پنجاب کے شمالی اور میدانی علاقوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش اور برفباری اب بھی جاری ہے جس کی وجہ سے جہاں خشک سردی اور دھند کا خاتمہ ہوا ہے وہیں ملک بھر سے سیاحوں نے پہاڑی مقامات کا بھی رخ کرلیا ہے۔ پنجاب میں راولپنڈی سمیت پوٹھوہار ریجن، گوجرانوالہ، سرگودھا اور لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کو سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ملکہ کوہسار مری میں ہر چیز نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے، موسم سرما کی پہلی برفباری سے سیاحوں کی آمد بڑھ گئی ہے۔ لاہور میں بارش کے باعث 150 فیڈر ٹرپ کرگئے ہیں جس کی وجہ سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت مختلف علاقوں میں بارش نے لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں، وادی سوات، دیر اور چترال میں بھی میدانوں میں بارش اور پہاڑوں پر ہونے والی برفباری نے سہانے موسم کو چار چاند لگادئیے ہیں۔ گلگت بلتستان میں بھی ہر جانب برف ہی برف نظر آرہی ہے۔ گلگت ،ہنزہ اور اسکردو کےپہاڑی علاقے بھی موسم سرما کی پہلی برفباری کے سحر میں ڈوب گئے ہیں۔ شدید برفباری کے باعث منی مرک اور قمری کا استور سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

بلوچستان میں کوئٹہ کے علاوہ مستونگ ،پشین ،زیارت،نوشکی اور قلات میں بھی بارش اور بعض مقامات پر ہلکی برفباری ہوئی ہے جس کی وجہ سے علاقے میں موسمی امراض میں کمی کا امکان ہے، اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں مظفر آباد، وادی نیلم ،حویلی اور لیپہ کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ طویل عرصے بعد ہونے والی بارش سے فضائی آلودگی میں کمی واقع ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں عمومی طور پر موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم پنجاب میں راوپنڈی، سرگودھا، گوجرنوالہ، لاہور، ساہیوال اور فیصل آباد کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر ہلکی بارش جبکہ مری، گلگت، گلیات، پاراچنار اور مالاکنڈ ڈویژن میں برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ سردی پارا چنار میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9 ریکارڈ کیا گیا۔ حالیہ بارش اور برفباری کے باعث ملک بھر میں درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری تک کمی کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں