ہمیں کسی کی ضرورت نہیں، ہمیں اپنے شہدا کا حساب لینا ہے چاہے اس کے لئے ہماری جان کیوں نہ چلی جائے،والدین۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان کی آرمی پبلک اسکول آمد کے موقع پر شہدا کے لواحقین کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا جس کے بعد انہیں دوسرے گیٹ سے اسکول کے اندر لے جایا گیا۔
آرمی پبلک اسکول کے باہر شہید بچوں کے غم سے نڈھال لواحقین نے عمران خان کی کئی روز بعد آمد پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایک شہید بچے کی ماں کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مشکل کی گھڑی میں ہمیں تنہا چھوڑدیا اورجس وقت ہمارے بچوں پر ظلم کیا جارہا تھا تو وہ اپنی شادی میں مصروف تھے کیا انہیں اپنی خوشیاں اتنی عزیز تھیں کہ وہ ہمارے غم بھول گئے، اتنے روز بعد عمران خان کو یاد آیا کہ وہ یہاں کا دورہ کریں، انہیں فکر نہیں کہ ہم پر کیا گزررہی ہے۔
ایک اور شخص کا کہنا تھا کہ عمران خان کے آج آرمی پبلک اسکول آنے کی کیا ضرورت تھی اور جب ہم پر دکھ کے چاقو چل رہے تھے تو وہ اپنی شادی کے معاملے میں مصروف تھے، ہمیں کسی کی ضرورت نہیں، نواز شریف وزیراعظم تھے اس لئے انہیں سب سے پہلے یہاں آنا چاہییے تھا لیکن وہ بھی یہاں نہیں آئے اور اب انہیں بھی یہاں آنے نہیں دیں گے، ہمیں اپنے شہدا کا حساب لینا ہے چاہے اس کے لئے ہماری جان کیوں نہ چلی جائے۔ ایک دکھی باپ نے کہا کہ عمران خان کو ووٹ دینے پر آج شرمندہ ہوں ہم نے انہیں اپنی فلاح کے لئے ووٹ دیئے لیکن انہوں نے ہمیں مشکل کی گھڑی میں تنہا چھوڑ دیا۔