اہم شاہراہوں پر سگنل بند کرنے سے ٹریفک جام معمول بن گیا

ٹریفک پولیس وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے اعلیٰ حکام کے دباؤ پر سگنلز بند کردیتی ہے، ذرائع کا انکشاف


Staff Reporter January 15, 2015
بلدیہ عظمیٰ نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی ٹریفک کو مسئلے کے حل کے لیے کئی خطوط بھیجے جو بے سود ثابت ہوئے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

وی آئی پی موومنٹ، اہم اوقات میں ٹریفک کا بہاؤ زیادہ ہونے اور ٹریفک پولیس کی عدم دلچسپی کے باعث اہم شاہراہوں کے 50 مقامات پر سگنلز درست ہونے کے باوجود بند کرکے دستی طریقے سے ٹریفک کنٹرول کیا جارہا ہے جس سے شہر میں ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے مسئلے کے حل کیلیے ڈی آئی جی ٹریفک اور متعلقہ ایس ایس پی کو کئی خطوط روانہ کیے تاہم تمام کوششیں بے کار ثابت ہوئیں، تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونی کشن(ٹی سی ڈی) کے زیر اہتمام شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک سگنل تنصیب کیے گئے ہیں جن کی مرمت اور ٹائمنگ میں ردوبدل کی ذمے داری متعلقہ ادارے کی ہے تاہم سگنل آپریشن کا کام ٹریفک پولیس کو سونپا گیا ہے،محکمہ ٹی سی ڈی نے شہر میں 109 ٹریفک سگنلز نصب کیے ہیں جن میں چار نان آپریشنل ہیں جبکہ 50 سگنلز ٹریفک پولیس جان بوجھ کر بند کردیتی ہے جس کے باعث ان شاہراہوں پر ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ضلع جنوبی میں 32، ضلع وسطی میں 12، ضلع شرقی میں 4 اورضلع ملیر میں 2 سگنل درست ہونے کے باوجود ٹریفک پولیس ان کے سوئچ آف کردیتی ہے، ذرائع کے مطابق ایم اے جناح روڈ،صدرکی سڑکوں، آئی آئی چندریگر روڈ ، شاہراہ لیاقت، پی ای سی ایچ ایس، باغ ابن قاسم اور دیگر اہم مقامات پر ٹریفک سگنلز درست ہیں،ٹریفک پولیس انھیں جان بوجھ کربند کرکے ٹریفک کو ہاتھ کے اشارے سے کنٹرول کرتی ہے جس کے باعث اہم تجارتی اور کاروباری مراکز پر شہریوں کو ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ فیصل آرمی گیٹ اور ناظم آباد نمبر ایک پر نصب سگنلز کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کنکشن نہ ملنے کے باعث بند ہیں، شیرشاہ چوک سگنل نامعلوم افراد نے ہنگامہ آرائی کے دوران توڑ دیا تھا جبکہ سڑک کی مرمت کا کام بھی جاری تھا، یہ سگنل جلد مرمت کردیا جائے گا، گرومندر چورنگی پر نصب سگنل کیبل چوری ہونے کی وجہ سے بند ہے، یہ سگنل رواں ہفتے آپریشنل کردیا جائے گا جبکہ دیگر 2 سگنلز کوآپریشنل بنانے کیلیے کے الیکٹرک سے بات چیت جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹریفک پولیس وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے اعلیٰ حکام کے دباؤ پر سگنلز بند کرتی ہے، صبح وشام کے رش اوقات میں ٹریفک بہاؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے سگنلز بند کرکے ہاتھوں کے اشارے سے ٹریفک کنٹرول کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، محکمہ ٹی سی ڈی نے ٹریفک پولیس کو کئی بارخطوط ارسال کیے ہیں کہ یہ سگنلز اربن ٹریفک کنٹرول (یو ٹی سی) کے تحت کام کررہے ہیں جس میں ٹریفک والیوم کے مطابق ٹائمنگ سیٹ کی گئی ہے لہذا ٹریفک کو مینوئل کنٹرول کرنے کے بجائے سگنلز کے ذریعے کنٹرول کیا جائے تاہم ٹریفک پولیس ابھی تک روایتی طریقے سے جان نہیں چھڑا پائی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں