لاہور:
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ انتخابی دھاندلی سے متعلق این اے 122 کا فیصلہ ابھی آنا باقی ہے لیکن جسٹس عمران خان نیازی نے این اے 122 کا فیصلہ جاری کردیا ہے۔
اپنے چیمبر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ این اے 122 کا مقدمہ ابھی عدالت میں زیر سماعت ہے اس لئے اس پر بات نہیں کروں گا جب کہ جسٹس عمران خان نے پہلے ہی فیصلہ سنا دیا جب کہ جسٹس کاظم علی ملک کو ابھی فیصلہ سنانا ہے جس کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب کو اللہ سے ڈرنا چاہیےکہیں انہیں میری خاموشی نہ لگ جائے اور ان کی بوکھلاہٹ سے لگتا ہے کہ میں نے انہیں دن میں تارے دکھا دیئے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کسی بھی رکن کی غیر حاضری پر ڈی سیٹ کرنے کی کارروائی نہیں ہوئی اور پی ٹی آئی کے مزید 13 ارکان کی 40 دن کی غیر حاضری پوری ہوچکی ہے۔