امید ہے کہ یہی بچے علم حاصل کرکے ملک سے دہشتگردی اور جہالت کا خاتمہ کریں گے،فاروق ستار۔ فوٹو:ایکسپریس نیوز
متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے دہشتگردی سے متاثرہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول کا فاروق ستار کی قیادت میں دورہ کیا اور وہاں موجود بچوں سے ملاقات بھی کی۔
ایم کیو ایم کے وفد میں شامل بابر غوری اور آصف حسنین نے آرمی پبلک اسکول کے بچوں سے ملاقات کے دوران ان کے حوصلے اور ہمت کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اسکول کے دورے کے دوران ہمیں کہیں ڈر اور خوف نظر نہیں آیا اور امید ہے کہ یہی بچے علم حاصل کرکے ملک سے دہشتگردی اور جہالت کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور عزم کرتے ہیں تمام سیاسی جماعتیں اور قائدین متحرک ہوکر دہشتگردی کی لعنت کو پاکستان کی سرزمین سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کردیں گے۔
فاروق ستار نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کے حملے میں جو بچے اور اساتذہ شہید ہوئے ان کے لئے حکومت نشان حیدر یا ستارہ جرأت کا اعلان کرے اور گزشتہ 30 سے 35 سال سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کی زد میں رہنے والے شہر پشاور کے ہلال استقلال کا اعلان بھی ہونا چاہیئے۔