عمران خان الیکشن ٹریبونل پردباؤ ڈال کرفیصلوں پراثرانداز ہونا چاہتے ہیں پرویز رشید
وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کو معلوم ہے کہ الیکشن ٹریبونل کا کیا فیصلہ آنا ہے اس لئے وہ ٹریبونل پر دباؤ ڈال کر اس کے فیصلوں پراثرانداز ہونا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے خوفزدہ ہیں اورجب گنتی ہوتی ہے ان کے ووٹ کم ہوجاتے ہیں جبکہ دھاندلی کی شکایات کے مقدمے عمران خان خود لٹکا رہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کاؤنٹر فائل پر پریزائڈنگ افسر نے مہرنہیں لگائی تو اس کے خلاف کارروائی ہونا چاہئے لیکن امیدوارکو اس کا قصور وار قرار نہیں دیا جاسکتا، اگر الیکشن میں سازش ہوئی ہے تو عمران خان ٹی او آر میں لکھیں کہ سازش کے تحت دھاندلی ہوئی لیکن وہ منظم سازش کا لفظ ٹی او آر کا حصہ نہیں بنانا چاہتے یہی وجہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن بننے میں تاخیر ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان روز سچ کا قتل کرتے ہیں اور گزشتہ ایک سال سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن وہ اس میں ناکام ہوئے اور اب انہیں اپنی ناکامیوں سے سبق سیکھ لینا چاہیئے۔
پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان جن ووٹوں کو بوگس قرار دے رہے ہیں الیکشن کمیشن نے انہیں درست قرار دیا، این اے 122 کی تحقیقات سے متعلق الیکشن ٹریبونل نے اپنی رپورٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ 30 ہزار ووٹ جعلی ہیں جبکہ حلقے میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے 92 ہزار 393 اور عمران خان نے 84 ہزار542 ووٹ حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی تحقیقات کیلیے ٹرم آف ریفرنس خود عمران خان نے طے کرائے تھے لیکن وہ ایسی تحقیقات چاہتے ہیں جس کا نتیجہ ان کی مرضی کا نکلتا ہو۔