ایشین بیس بال کا پاکستان میں انعقاد خطرے میں پڑ گیا

شریک غیرملکی ٹیموں کے لیے حکومتی سطح پر حفاظتی انتظامات کی ضمانت طلب

انٹرنیشنل سیکیورٹی ایجنسیز پاکستان میں غیرملکیوں کی حفاظت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کررہی ہیں۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان میں ایشین بیس بال کپ کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا، ایشیائی فیڈریشن نے حکومتی سطح پرغیرملکی ٹیموں کیلیے حفاظتی انتظامات کی ضمانت طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں 22 فروری سے شیڈول ایشیا بیس بال کپ کیلیے فیڈریشن کی جانب سے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، وہیں دوسری طرف ایشین باڈی نے ایونٹ کے پاکستان میں انعقاد پر خدشات کا اظہار کردیا ہے،آفیشل نے وزارت بین الصوابائی امور سے کہاکہ حکومتی سطح پر سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے تو ہی غیرملکی ٹیموں کو بھیجنے پر حامی بھری جا سکتی ہے۔


باخبر ذرائع نے بتایاکہ فیڈریشن نے ایشین باڈی کے صدر ٹم کو تحریری طور پر ایونٹ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی لیکن ان کا جواب تھا کہ انٹرنیشنل سیکیورٹی ایجنسیز پاکستان میں غیرملکیوں کی حفاظت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کررہی ہیں، ایسے میں ان کیلیے ممبر ملکوں کو راضی کرنا مشکل ہوگا۔ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا کہ اگر حکومتی سطح پر فول پروف انتظامات کی یقین دہانی کرائی جائے تو وہ ٹیموں کو راضی کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ملک میں انٹرنیشنل اسپورٹس ایونٹس کی بحالی کیلیے کوشاں وزارت نے پاکستان بیس بال فیڈریشن حکام کو ایونٹ کا شایان شان انعقاد کرنے کی ہدایت دی ہوئی ہے، اسے امید ہے کہ سینکڑوں شائقین انٹرنیشنل بیس بال کے میچزکوملک میں دیکھ سکیں گے، فیڈریشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے جناح اسٹیڈیم میں 22 سے29فروری تک مقابلوں کا شیڈول جاری کیا، ساتھ ہی ایران، عراق، افغانستان، بھارت اور سری لنکا کو دعوت نامے بھی ارسال کردیے ہیں، ایونٹ کیلیے وزارت بین الصوبائی رابطہ نے 40لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔
Load Next Story