آسٹریلیا نے ٹرائی اینگولر سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پوری ٹیم 47.5 اوورز میں 234 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں کینگروز ٹیم نے ہدف 7 وکٹوں پر چالیسویں اوور میں حاصل کرلیا۔ اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے 127 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ اسٹیون اسمتھ 37، ایرون فنچ 15، شین واٹسن اور بریڈ ہیڈن 16،16 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
مہمان انگلینڈ کی جانب سے کپتان این مورگن 121 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے جب کہ 5 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی جگہ نہ بناسکے اور معین علی 22، جوز بٹلر 28، کرس جورڈن 17، روی بوپارا 13، جوائے روٹ 5، این بیل، جیمز ٹیلر اور اسٹیون فن بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے، آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، جیمز فولکنر3، گلین میکسویل، ڈوہرٹی اور پیٹ کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے مچل اسٹارک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ سے قبل بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ٹرائی اینگولر سیریز میں تینوں ٹیمیں 2،2 میچز کھیلیں گی جب کہ سیریز کا فائنل یکم فروری کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔