دہشت گردوں سے چھینا ہوا پاکستان ہر صورت واپس لیں گے پرویز رشید

جس شخص کو جیل کے پیچھے ہونا چاہئے اسے جیل جانے سے کوئی نہیں روک سکتا، وفاقی وزیراطلاعات


ویب ڈیسک January 16, 2015
خصوصی عدالتیں دہشت گردی کے خاتمے اور جمہوریت کے استحکام کے لئے بنائی گئی ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ خصوصی عدالتیں دہشت گردی کے خاتمے اور جمہوریت کے استحکام کے لئے بنائی گئی ہیں اور ہم دہشت گردوں سے اپنا چھینا ہوا پاکستان ہر صورت واپس لیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ آج پاکستان کی پارلیمنٹ وہی آواز بلند کر رہی ہے جو پاکستان کے عوام کی دلوں کی آواز ہے، آج پاکستان کی صحافت وہی کہہ رہی ہے جو عوام کے دلوں کی آواز ہے، آج حکومت اسی جانب قدم بڑھا رہی جس طرف قدم بڑھتے ہوئے عوام دیکھا چاہتے ہیں، آج ملک کی عدلیہ، حکومت، پارلیمنٹ اور صحافت ایک صفحے پر ہیں اور پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لئے کسی میں کوئی تقسیم نہیں۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ خصوصی عدالتیں دہشت گردی کے خاتمے اور جمہوریت کے استحکام کے لئے بنائی گئی ہیں، جس شخص کو جیل کے پیچھے ہونا چاہئے اسے جیل جانے سے کوئی نہیں روک سکتا، ہم نے دہشت گردی کے خلاف عہد آج نہیں کیا اور ہماری دہشت گردی کے خلاف جنگ آج سے جاری نہیں بلکہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا آغاز اس دن سے کردیا تھا جب پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز بنانے کے لئے جمہوریت کا تختہ الٹا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے، ہم اپنا چھینا ہوا پاکستان واپس لیں گے اور دہشت گردوں کو ملک کے کسی حصے میں جائے پناہ نہیں دی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں