مطمئن پاکستانی امریکیوں سے آگے

انسانی مسرتوں اورانتہائی تلخ وشدید معاشی ونفسیاتی دباؤ کےباوجود پاکستانیوں کی خوشی اوربےفکری کا یہ عالم خوش آئند ہے۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والے پاکستان کے رہنے والے امریکا اور روس کی نسبت زیادہ مطمئن اور خوش ہیں، فوٹو : فائل

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والے پاکستان کے رہنے والے امریکا اور روس کی نسبت زیادہ مطمئن اور خوش ہیں۔ یہ دلچسپ اور غیر معمولی انکشاف ''ورلڈ اکنامک فورم'' کی ویب سائٹ پر شائع ایک جائزہ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ اس میں پاکستان کا 16 واں نمبر ہے جہاں لوگوں کی خوشی اور اطمینان کی سطح 54فیصد ہے۔ انسانی مسرتوں اور انتہائی تلخ و شدید معاشی و نفسیاتی دباؤ کے باوجود پاکستانیوں کی خوشی اور بے فکری کا یہ عالم خوش آئند ہے۔


تاہم تفکرات سے آزاد یہ ذہنی کیفیت کسی سماجی یا سیاسی اور جمہوری نظام کی برکتوں سے زیادہ اس صبر و شکر کے زمرے میں آتا ہے جو اسلام کی بنیادی تعلیم سے متصف ہے، ورنہ جس قدر آلام و مصائب اور آفات و تباہ کاریوں کا سامنا اہل وطن کو کرنا پڑا ہے اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم سروے سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ تحمل و برداشت اور قناعت و تشکر کا تہذیبی اور دینی اثاثہ عوام نے اپنے حال میں مست ہوتے ہوئے برقرار رکھا ہے۔ پاکستان میں بیروزگاری، بدامنی اور دہشت گردی کے عوامل کسی بھی معاشرے اور اس کے رہنے والوں کا امن و سکون برباد کر سکتے ہیں، مگر اس فورم کے عالمی جائزہ کے تحت کہ دنیا بھر کے لوگوں کے خوش رہنے کی سطح کیا ہے پاکستانیوں کی زندہ دلی کو دنیا پر آشکار کیا ہے۔movehub ویب سائٹ پر ''ہیپی پلینٹ انڈیکس'' کے نام سے جاری کردہ رپورٹ میں151 ملکوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ میں انتہائی سرخ نشان انتہائی خوش ملک کو ظاہر کرتا ہے اور سب سے زیادہ سبز نشان خوشحالی اور خوشیوں کی علامت ہے۔

رپورٹ کے مطابق وسطی امریکا میں مقیم لوگ اپنے اردگرد کے ماحول سے انتہائی خوش ہیں۔ اس ''ہیپی انڈیکس'' میں کوسٹاریکا، ویتنام اور کولمبیا بھی شامل ہیں، امریکا کا نمبر105 واں ہے جہاں عوامی اطمینان اور خوشی کی سطح صرف37 فیصد ہے، یعنی اس اعتبار سے پاکستان نے امریکا پر سبقت حاصل کر لی ہے۔ اسی طرح روس میں یہ سطح34 فیصد اور اس کا نمبر122 واں ہے۔ بھارت اس فہرست میں 32 ویں نمبر پر ہے جہاں لوگوں کے خوش رہنے کی سطح50 فیصد ہے۔ رپورٹ کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے بعد ایک اطمینان بخش نتیجہ یہ سامنے آتا ہے کہ دنیا کو مادہ پرستی نے جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے، اقتصادی اور سیاسی مسائل اور نظام حیات میں مضمر بے چینی اور عدم اطمینان خواہشات کی بے لگامی کا نتیجہ ہیں، اور ایسی صورتحال میں پاکستانیوں کا اپنے وطن میں خوش اور مطمئن ہونا ایک خوشخبری ہے۔
Load Next Story