اکرام الحق لاہوری کو کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دے دی گئی

مجرم کو سزائے موت دینے سے قبل جیل کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے


ویب ڈیسک January 17, 2015
اکرام الحق عرف لاہوری نے 2001 میں شورکوٹ میں نیئر عباس نامی شخص کو قتل کیا تھا. فوٹو: فائل

کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے مجرم اکرام الحق لاہوری کو سزائے موت دے دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قتل کے مجرم اکرام الحق لاہوری کو علی الصبح لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ سزائے موت دیئے جانے سے قبل جیل کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جیل کی جانب جانے کی اجازت نہیں تھی۔ گزشتہ روز اکرام الحق لاہوری کی ملاقات اس کے اہل خانہ سے کرا دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ اکرام الحق عرف لاہوری نے 2001 میں شورکوٹ میں نیئر عباس نامی شخص کو قتل کیا تھا جس کے جرم میں اسے 2004 میں سزائے موت سنائی گئی تھی اور ایک ہفتہ قبل 8 جنوری کو مجرم کی پھانسی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں لیکن تختہ دار پر لٹکائے جانے سے چند لمحے قبل دونوں فریقین کی جانب سے صلح نامہ پیش کئے جانے کے باعث پھانسی موخر کردی گئی تھی تاہم انسداد دہشت گردی کی عدالت نے صلح نامے کو مسترد کرتے ہوئے مجرم کے 17 جنوری کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردیئے تھے۔ گزشتہ برس دسمبر میں آرمی پبلک اسکول پشاور پر ہونے والے حملے کے بعد سے اب تک 20 مجرموں کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔