مسجد نبوی میں ملازمت کرنے والی خواتین کے لئے ملازمت کے عرصے کے دوران حاملہ ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ایک عرب ویب سائٹ کے مطابق مسجد نبوی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد میں ملازمت کرنے والی خواتین کے حاملہ ہونے پر پابندی ان کی سخت ڈیوٹی کو سامنے رکھتے ہوئے لگائی گئی ہے، مسجد نبوی میں ڈیوٹی کے دوران مسلسل کام میں مصروف رہنا پڑتا ہے اور بعض اوقات سخت کام بھی کرنا پڑتا ہے جب کہ حمل کے دوران خواتین زیادہ بھاری کام نہیں کر سکتیں۔
ویب سائٹ نے سعودی اخبار''الوطن'' کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ حرم نبوی کی انتظامیہ کی جانب سے ملازمت کرنے والی خواتین کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر دوران ملازمت کوئی خاتون حاملہ ہوئی تو اسے ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے ملازمت کرنے والی خواتین کے حمل پر پابندی کا فیصلہ مفاد عامہ کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ خواتین مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔