قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا سی ایم ایچ پشاور کا دورہ

پی سی بی کی جانب سے آرمی پبلک اسکول کے لئے 75 لاکھ روپے کا چیک بھی عطیہ کیا گیا۔


ویب ڈیسک January 17, 2015
قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ فوٹو؛ ٹویٹر

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آرمی پبلک اسکول پر حملے میں زخمی ہونے والے بچوں کی عیادت کی اور ان کے والدین سے ملاقات کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کھلاڑی اور ٹیم آفیشلز نے آرمی پبلک اسکول کے بچوں سے اظہار یکجہتی کے لئے سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور زخمی ہونے والے بچوں کی عیادت کی۔ کھلاڑیوں میں کپتان مصباح الحق، شاہد آفریدی، احمد شہزاد، محمد عرفان، یاسر شاہ، احسان عادل اور عمر اکمل شامل تھے، اس کے علاوہ ٹیم منیجر نوید چیمہ بھی کھلاڑیوں کے ہمراہ تھے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول کے بچوں سے مل کر بہت خوشی ہوئی، بچوں کا حوصلہ دیکھ کر ہمارا حوصلہ بھی بڑھا، بہادری کی ایسی مثال اس سے پہلے نہیں دیکھی، دعا ہے کہ بچے جلد صحتیاب ہو کر دوبارہ اسکول جائیں۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے ون ڈے سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی آرمی پبلک اسکول کی انتظامیہ کو دی گئی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے 75 لاکھ روپے کا چیک اے پی ایس انتظامیہ کے حوالے کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔