امیتابھ بچن نے ہمیشہ ہی احسان فراموشی کی ہے سابق دوست کا الزام

گاندھی خاندان، محمود، پرکاش مہرہ اور سنیل دت سمیت جس نے بھی بگ بی پر احسان کیا ان سے تعلقات اچھےنہیں رہے، امر سنگھ


ویب ڈیسک January 17, 2015
کبھی خوشی کبھی غم‘ کے شوٹنگ کے دوران جیا بچن نے سب کے سامنے اپنے شوہر امیتابھ بچن کی بے عزتی کی تھی، امر سنگھ کا انکشاف فوٹو: فائل

بھارت کے نامور سیاستدان اور بالی ووڈ کےمیگا اسٹار امیتابھ بچن کے سابق دوست امر سنگھ نے الزام لگایا ہے کہ بگ بی نے ہمیشہ ہی احسان فراموشی کی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں امرسنگھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ امیتابھ بچن کو اپنے خاندان کاحصہ مانا لیکن انہوں نے ان کے ساتھ بھی وہی کچھ کیا جو وہ اپنے دیگر محسنوں کے ساتھ کرچکے ہیں۔ امیتابھ بچن کا گاندھی خاندان کے ساتھ 3 نسلوں کا تعلق ختم ہوگیا۔ جب امیتابھ بچن کے پاس ممبئی میں رہنے کے لئے کوئی ٹھکانہ نہیں تھا تو اداکار محمود نے انھیں سونے کے لیے جگہ دی لیکن انہوں نے محمود کے ساتھ بھی اچھا نہیں کیا۔ اپنے کیرئیر کےمشکل دنوں میں انہیں سنیل دت اور پرکاش مہرا نے سہارا دیا لیکن انہوں نے اسے بھی فراموش کردیا۔

امرسنگھ کا مزید کہنا تھا کہ فلم 'کبھی خوشی کبھی غم' کے شوٹنگ کے دوران جیا بچن نے سب کے سامنے اپنے شوہر امیتابھ بچن کی بے عزتی کی تھی جس کے بعد انھوں نے قسم کھائی تھی کہ وہ ان کے ساتھ کبھی اداکاری نہیں کریں گے۔ آج صورت حال یہ ہے کہ امیتابھ بچن ایک علیحدہ مکان میں رہتے ہیں، جیا بچن ایک الگ مکان میں اور ان کا بیٹا ابھیشیک بچن ایک الگ مکان میں رہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔