جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد ہی پارلیمنٹ میں جانے کا سوچیں گے عمران خان

دھرنے کا مرحلہ ختم ہوگیا ہے اب آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے،عمران خان


ویب ڈیسک January 17, 2015
گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے پوری مسلم دنیا کی دل آزاری ہوئی ہے،عمران خان فوٹو:ایکسپریس نیوز

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کہتے ہیں کہ انتخابی دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد ہی پارلیمنٹ میں جانے کے بارے میں سوچیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی میں خلیل الرحمان رمدے اور افتخار چوہدری کا ہاتھ تھا، ریاض فتیانہ نے قومی اسمبلی کے حلقہ ان اے 94 پر خلیل الرحمان رمدے کے بھائی کے مقابلے میں انتخاب لڑا۔ ریاض فتیانہ کے مطابق ان کے حلقے میں اضافی بیلٹ پیپر شائع کئے گئے، الیکشن ٹریبونل نے چار ماہ میں فیصلہ کرنا تھا لیکن ان کے مد مقابل سردار ایاز صادق نے ایک سال سے زائد عرصے سے حکم امتناعی لیا ہوا ہے۔ ووٹوں کے بھرے تھیلوں میں فارم 14 اور 15 پہلے غائب تھے اب مل گئے، ہمیں بتایا جائے کہ یہ کہاں سے ملے۔ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے مسلم لیگ (ن) جوڈیشل کمیشن بنائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کے دھرنے کے دوران کسی کو چھینک بھی آتی تھی تو حکومت کی جانب سے اس کا الزام دھرنے پرعائد کیا جاتا تھا، انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ وہ تجربے کار ہیں۔ یہ کیسی تجربے کاری ہے جس میں عوام کو پیٹرول بھی نہیں مل رہا۔ ایسا تو پیپلز پارٹی کی حکومت میں بھی نہیں ہوا۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 60 فیصد کمی ہوئی ہے لیکن حکومت نے عوام پر سیلز ٹیکس بڑھادیا۔ ہمارے دھرنے کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی کم ہورہی تھیں اور بجلی کے نرخ بھی نہیں بڑھائے جارہے تھے۔ دھرنے کا مرحلہ ختم ہوگیا ہے اب آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

تحریک انصاف کے چیرمین کاکہنا تھا کہ مسلمانوں کی دل آزاری کرنا ہی آزادی رائے کیوں ہے؟۔ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر اوآئی سی کے رہنما کچھ نہیں بولے، سلمان رشدی نے مسلمانوں کے خلاف بات کی یورپی ممالک میں اسے انعام و اکرام سے نوازا گیا وہ ہولوکاسٹ پربات کرے اور پھرمیڈل حاصل کرکے دکھائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔