وزیر اعظم نواز شریف نے ملک میں پیٹرول کے شدید بحران کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم نے سیکریٹری پیٹرولیم، ایڈیشنل سیکریٹری پیٹرولیم، ڈی جی آئل اور ایم ڈی پی ایس او کو معطل کردیا گیا


ویب ڈیسک January 17, 2015
گزشتہ 5 روز سے صوبہ پنجاب کے شہریوں کو پیٹرول کی شدید قلت کا سامنا ہے اور صوبے کے 80 فیصد پیٹرول پمپس پر پیٹرول دستیاب نہیں۔ فوٹو: شہباز ملک/ ایکسپریس

وزیر اعظم نواز شریف نے ملک میں پیٹرول کے شدید بحران کا نوٹس لیتے ہوئے 4 ذمہ دار افسران کو معطل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی عرب سے واپسی پر لاہور ایئرپورٹ پر وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پیٹرول کی قلت کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ اس موقع پر وزیر اعظم نے سیکریٹری پیٹرولیم عابد سعید، ایڈیشنل سیکریٹری پیٹرولیم نعیم ملک، ڈی جی آئل محمد اعظم اور ایم ڈی پی ایس او امجد جنجوعہ کی معطلی کے احکامات جاری کیے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو پیٹرول کی صورتحال فوری بہتر بنانے اور صوبوں کو پیٹرول کی بلیک میں فروخت چیک کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ 5 روز سے پنجاب کے شہریوں کو پیٹرول کی شدید قلت کا سامنا ہے جہاں صوبے کے 80 فیصد پیٹرول پمپس پر پیٹرول دستیاب نہیں جس کے باعث لوگوں کے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں جب کہ اس صورتحال سے گراں فروشوں نے بھی فائدہ اٹھاتے ہوئے پیٹرول 3 گنا اضافی قیمت میں فروخت کرنا شروع کردیا ہے۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں